نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صوبے میں ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے متعدد منصوبوں کا اعلان قابل ستائش، لیکن ضروری ہوگا کہ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لئے قابل عمل منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف میسر ہوسکے
نو منتخب وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے پہلی خاتون وزیر اعلی کا حلف اٹھایا، گورنر ہاوس میں نومنتخب وزیر اعلی کی تقریب حلف برداری ہوئی، جہاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مریم نواز سے حلف لیا۔قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے۔تقریب حلف برداری میں نومنتخب ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ مریم نواز نے 220 ووٹ لے کر ملک کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کااعزاز حاصل کیا ہے۔اپنے انتخاب کے بعد ایوان میں اپنا پہلا خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، قدرت کا نظام پہلے مشکلات پھر کامیابیوں سے گزارتا ہے۔ میرے دل میں کسی کیلیے انتقام، بدلے کاجذبہ نہیں ہے۔ حلف اٹھانے کے بعد آج سے اس پر جنگی بنیادوں پر عمل شروع کروں گی، میرا کام پنجاب میں پالیسی بنانا ہے۔ اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے نگہبان کے نام سے رمضان پیکج کا اعلان کیا، وزیر علیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 75 لاکھ سے زائد پیکٹس مستحقین کو گھروں پر فراہم کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک میں سستے رمضان بازار لگائیں گے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے آج سے اجلاس شروع ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کوئی بچہ پڑھنا چاہتا ہے تو اعلی تعلیم کے لیے میرٹ پر وسائل دیں گے، 60ہزار روپے سیکم آمدن والے مستحقین ہیں، ان کی مدد ہم پر فرض ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چاہتی ہوں بچے اپنے گھر سے کاروبار شروع کریں، اسٹارٹ اپ بزنس کیلئے مالی معاونت کریں گے، ابھی ہمارے پاس تمام مستحقین کا ڈیٹا نہیں، فراہم کرنے کا کہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ طلبا، نوجوانوں کو ای بائیک دیں گے، نوجوانوں کو سود سے پاک قرضے اور ٹریننگ دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور ٹیبلٹس دیں گے، نہیں چاہتی پنجاب کا کوئی بچہ اسکول سے باہر ہو، نوجوانوں اور طلبا کے لیے انٹرن شپ پروگرام لائیں گے پولیس اور دیگر اداروں کو انٹرن شپ پروگرام کے لیے کہا ہے۔نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں فری وائی فائی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا، مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 5سال میں 5 آئی ٹی سٹی بنا کر جاؤں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کو تمام تر کاروباری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے، کاروباری طبقے کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولتیں دیں گے۔پنجاب اسمبلی کا ایوان اس وقت 327ارکان پر مشتمل ہے۔ ن لیگ کو 224 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے پاس 103 ارکان ہیں۔ہماری رائے میں نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے حلف کے بعد صوبے کی ترقی اور عوام کے مسائل حل کرنے کے حوالے جس عزم کا اظہار کیا ہے وہ ایک اچھی روش ہے، لیکن ضروری ہوگا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے وعدوں اور ترقیاتی پروگرام کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔ اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے نگہبان کے نام سے رمضان پیکج کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ 75 لاکھ سے زائد پیکٹس مستحقین کو گھروں پر فراہم کریں گے عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے رمضان المبارک میں سستے رمضان بازار لگائیں گے۔ ہماری دانست جہاں تک رمضان اور سستے بازاروں کا معاملہ ہے وہ بلاشبہ ایک اچھی پیشرفت ہے، لیکن اس وقت وطن عزیز میں مہنگائی کا جن قابو سے باہر ہے اور اس عفریت کو قابو کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چایئے اور یہی پاکستان مسلم لیگ (ن) مریم نواز حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ لہذا ضروری ہوگا کہ وزیر اعلیٰ اپنا فوکس جہاں دیگر اچھے امور پر رکھیں گیں وہاں عوام کی مشکلات کو کم کرنے اور انہیں ریلیف دینے کے لئے مہنگائی میں کمی کرنے کے لئے اگر جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تو اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ اعلی تعلیم کے لیے میرٹ پر وسائل مہیا کرنا، 60ہزار روپے تک کمانے ولے افراد کو مستحقین کی فہرست میں شامل کرنا، نئی نسل کو اسٹارٹ اپ بزنس کیلئے مالی معاونت مہیا کرنا، نوجوانوں کو ای بائیک کی فراہمی اور اسی طرح نوجوانوں کو سود سے پاک قرضے اور ٹریننگ دینے کا پروگرام، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور ٹیبلٹس کی فراہمی کا منصوبہ، طلبا، پولیس اور دیگر اداروں کے لئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان، لاہور میں فری وائی فائی منصوبہ شروع کرنے کا اعلان اور اسی طرح پنجاب میں 5سال میں 5 آئی ٹی سٹی بنانے کے عزم کا اظہار بلاشبہ ایک مثبت ویژن کی عکاسی ہے لیکن ان اعلانات کو عملی شکل دینے کے لیے ضروری ہوگا کہ حکومت یکسوئی کے ساتھ اپنے پروگرام کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کیصورت میں کوئی بھی حکومت اپنے وعدوں پر عمل درآمد ممکن نہیں بناسکتی۔ بلاشبہ سیاسی استحکام کے لئے معاشی استحکام ضروری ہے۔ ہماری رائے میں مریم حکومت اگر اپنے ویژن کو لیکر ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہتی ہے تو انہیں صوبے میں سیاسی استحکام اور رواداری کا ماحول پیدا کرنا ہوگا۔ ہماری رائے میں مریم حکومت کا عوام کے لئے ترقیاتی منصوبوں کے شروع کرنے کا عزم ایک اچھی روش ہے لیکن ضروری ہوگا کہ حکومت صوبے میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے اور عوام کو ہوشرباء مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے عملی منصوبے سامنے لائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف میسر ہوسکے اور ان کے دکھوں کو مداوہ بھی ممکن ہوسکے۔