قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا ملازمین کی کڑی نگرانی کا فیصلہ، سوشل میڈیا اکانٹس،سمز کا ڈیٹا طلب
اسلام آبا د: قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ملازمین کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کرلیا اور سیکریٹریٹ نے تمام ملازمین سے سوشل میڈیا اکانٹس اور شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز کا ڈیٹا طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جاری سرکلر میں ملازمین سے سوشل میڈیا اکاونٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جبکہ قومی اسمبلی کے تمام ملازمین سے رجسٹرڈ سمز کا ڈیٹا بھی طلب کیا گیا ہے۔ملازمین کو معلومات افشا کرنے، میل ملاپ اور معلومات کے تبادلے میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ملازمین سے 3 روز میں ڈیٹا طلب کیا گیا ہے اور آئی ٹی، سیکیورٹی برانچ کو عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اکاونٹس، فون نمبرز کا ڈیٹا نہ دینے، خلاف ورزی کرنے پر کارروائی ہوگی اور سول سروس ایفیشنسی اور ڈسپلن رولز کے تحت ملازمین کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔