غزہ میں اسرائیلی فوج کا پناہ گزین اسکول پر حملہ، 30 فلسطینی شہید
فلسطینی مزاحمت کاروں کی اسرائیلی فوج سے غزہ شہر میں جھڑپیں
مقبوضہ غزہ : غزہ میں اسرائیلی فوج کے پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں 30 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں پناہ گزین اسکول پر حملہ کیا جس میں 30 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 100سے زائد زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے رفح اور شمالی غزہ میں بھی بمباری کی، جس میں کل سے اب تک 80 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے۔ادھر خان یونس کے مشرقی علاقوں میں ایک ہفتے سے جاری بمباری میں 170 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 2 لاکھ فلسطینی دوبارہ دربدر ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے خان یونس کا مغربی علاقہ بھی خالی کرنے کا کہہ دیا۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں کی اسرائیلی فوج سے غزہ شہر میں جھڑپیں ہوئیں جس میں کئی اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ادھر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے وزرائے خارجہ نے غزہ میں بدترین انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔