بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم،ڈیموگرافی کی تبدیلی جیسے جرائم میں ملوث ہے، چودھری انوارالحق
ہندوستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے،استصواب رائے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی.الحاق پاکستان ہماری منزل جسے حاصل کر کے رہیں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انورالحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست کے بعد حالات انتہائی ابتر ہیں. ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم اور ڈیموگرافی کی تبدیلی جیسے جرائم میں ملوث ہے. عالمی برادری نوٹس لے. بھارت ملازمتوں میں بھی مسلمانوں کے ساتھ تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے. ہندوستان کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا. کشمیریوں کی قربانیاں لازوال ہیں اور کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی. ہندوستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے. استصواب رائے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی.الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم یہ منزل حاصل کر کے رہیں گے.
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیراہتمام Kashmir Struggles Under Siege کے عنوان سے منعقدہ سیمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق وفاقی وزیر قمرالزمان کائرہ, غلام محمد صفی, مشاہد حسین سید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا. اس موقع پر حریت کانفرنس, دانشور, وکلاء,میڈیا اور کالج و یونیورسٹیز کے طلبا ء وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی.
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کھڑے ہیں، سید علی گیلانی کے مشن اور الحاق پاکستان کی منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے.
وزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں تاریکیوں کا خاتمہ اور ایک نئی صبح طلوع ہوگی، مقبوضہ کشمیر میں جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں مسلمانوں کے حقوق سلب کیے جارہے ہیں.انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل سلامتی کونسل کی قراردوں کے خلاف ورزی کر رہا ہے، استصواب رائے تک تحریک جاری رہے گی،کشمیر کے دریاؤں کا رخ پاکستان کی طرف ہے۔ پاکستانی عوام 77واں اور ہم 78واں یوم آزادی مناتے ہیں.
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں نے19 جولائی 1947ء کو الحاق پاکستان کی قرارد منظور کر کے الحاق پاکستان کا فیصلہ کر لیا تھا. وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں انسانی حقوق محفوظ ہیں. مسلح افواج پاکستان دفاع کشمیر کے لیے بھرپور اقدامات آٹھارہی ہیں،مسلح افواج پاکستان لائن آف کنٹرول پر دفاع میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں.
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ڈیفنس کے لئے انویسٹ کررہا ہے. انہوں نے کہا کہ یہ ملک نوجوانوں کے لئے اور نوجوانوں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے. وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کی عوام بھی آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے۔