0

دوسرا ٹیسٹ: چوتھے دن کا کھیل ختم، بنگہ دیش کو جیت کے لئے صرف 143 رنز درکار

دوسرا ٹیسٹ: چوتھے دن کا کھیل ختم، بنگہ دیش کو جیت کے لئے صرف 143 رنز درکار
پاکستان کے 185 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے 42 رنز، خراب موسم کے باعث کھیل معطل
بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، رپورٹ جاری

راولپنڈی: بنگلہ دیش کے دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور 172 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بنگال ٹائیگرز کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ چوتھے روز چائے کے وقفے کے بعد کھیل خراب روشنی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز نے اپنی باری کا آغاز کیا تو اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بغیر صائم ایوب 20 اور کپتان شان مسعود 28 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔

ان کے بعد آنے والے بابر اعظم اپنی بری کارکردگی کا تسلسل نہ توڑ سکے اور صرف 11 رنز بنا پویلین لوٹ گئے، پاکستان کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے جو 2 رنز بنا سکے۔کچھ دیر مزاحمت دکھانے کے بعد وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی ہمت ہار بیٹھے اور 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے بلے باز محمد علی کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس روانہ ہوئے۔ایک اینڈ سے آغا سلمان ٹیم کے اسکور میں اضافہ کرتے رہے لیکن دوسری طرف سے وکٹیں گرتی رہیں،

محمد علی کے بعد آنے والے ابرار احمد 2 اور میر حمزہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سلمان آغا سب سے زیادہ 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 172 رنز ہی بنا پائی اور اس طرح سے مہمان ٹیم کو میچ اور سیریز 2 صفر سے جیتنے کے لیے 185 رنز کا ہدف دے دیا۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 اور تسکین احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔185 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ شروع کی ور اس نے چائے کے وقفے تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 42 رنز بنالیے ہیں اور اسے جیت کے لیے مزید 143 رنز درکار ہیں،

وقفے کے بعد کھیل خراب موسم اور روشنی کی کمی کے باعث تاخیر کا شکار ہوگیا۔گزشتہ روز پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا تھا اور عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر صرف 3 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ان کے بعد نائٹ واچ مین خرم شہزاد کو بقیہ وقت گزارنے کے لیے وکٹ پر بھیجا گیا لیکن حسن محمود نے انہیں بھی بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی تھی۔

تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز بنائے تھے اور اسے مجموعی طور پر 21 رنز کی برتری حاصل تھی۔

یاد رہے کہ کھیل کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب 58، شان مسعود 57، سلمان آغا 54 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔واضح رہے کہ 25 اگست کو راولپنڈی میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دیکر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی تھی جبکہ قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف طویل دورانیے کی کرکٹ میں یہ پہلی شکست تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں