0

افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں، وزیراعظم

افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں، وزیراعظم

راولپنڈی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، افواج پاکستان کی تاریخ عظیم قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کرم گزشتہ روز میں وطن کی حرمت پر قربان سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزرا نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی دفاع میں مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا، جب کہ آرمی چیف نے سپاہی ہارون ولیم، انوش رفون اور ساتھیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 29سالہ سپاہی ہارون ولیم کاتعلق اسلام آباد سے تھا، آخری رسومات میں وفاقی وزرائے دفاع، داخلہ، اطلاعات نے بھی شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی کے سینٹ پال چرچ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل انتہائی افسوسناک واقعے کے نتیجے میں ہارن ولیم نے وطن کے لیے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا، پاک فوج کے سپاہ سالار جنرل عاصم منیر، پاک فوج کے افسران، حکومت اور پوری قوم ان قربانی دینے والے عظیم سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاست کے دفاع کے لیے کوشاں ہے، افواج پاکستان نے ملکی حفاظت کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں، شہدا نے جس طرح پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، عصر حاضر میں اس کی اور کوئی مثال نہیں ملتی، ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست1947 کی تقریر میں واضح طور پر فرمایا تھا کہ اس ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی ہوگی اور تمام لوگوں کو آئین کے قانون کے مطابق زندگی بسر کرنے کے مساوی مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے پاکستان کے لیے ایئرفورس، نیوی ، آرمی میں اپنے خون سے تاریخ لکھی، آج ہم سب کے لیے سبق آموز دن ہے کہ اس ملک کے اندر بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کے ساتھ دیگر اقلیتی برادری، جس میں سکھ اور ہندو بھی شامل ہیں، سب نے پاکستان کی خدمت کی ہے، میسحی برادری کی تعلیم سمیت زندگی کے کئی میدانوں میں شاندار خدمات ہیں، میں خود بھی ایک مشنری اسکول سے پڑھا ہوں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر بعض واقعات ایسے ہوئے، جنہوں نے تلخ یادیں چھوڑیں، وہ دلخراش واقعات تھے، ہمیں بطور قوم ان کا جواب دینا ہوگا، ہمیں ماضی سے یہ سبق حاصل کرنا چاہیے کہ ہمیں ملکر اس ملک کی خدمت کرنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں آج افواج پاکستان کے افسران اور سپاہیوں کو سلام کرتا ہوں، جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، جو اپنے بچوں کو یتیم کرکے ہزاروں کروڑوں بچوں کو یتیم ہونے سے بچاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں