وہاب ریاض 0

وہاب ریاض پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر

وہاب ریاض پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر

پاکسان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بائولر وہاب ریاض کو قومی مینز سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کردیاگیا ہے۔ان کا پہلا اسائنمنٹ 14 دسمبر سے 07 جنوری تک آسٹریلیا میں ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور نیوزی لینڈ میں 12سے 21جنوری تک ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا۔
وہاب ریاض نے 2008 ء میں اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کیا اور 27 ٹیسٹ ، 91ون ڈے اور 36ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر237 وکٹیں حاصل کیں اور1200 رنز بنائے۔ وہ تین عالمی کپ کھیل کر ان مقابلوں میں 35 وکٹوں کے ساتھ پاکستان کے دوسرے سب سے کامیاب بائولر رہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وہاب ریاض نے کہاکہ قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ بننا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اس ذمہ داری کے لیے مجھ پر اعتماد کیا۔کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے اور وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے جہاں پاکستان نے ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں ۔اسی طرح نیوزی لینڈ کے دورے سے ہمیں آئندہ سال جون میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لئے ایک متوازن ٹیم تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کی شکل میں اچھا ٹیم ڈائریکٹر موجود ہے اور ہم مل کر پاکستان کرکٹ کی کامیابی کے لیے کام کریں گے۔وہاب ریاض نے کہاکہ ان کی سب سے بنیادی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اہمیت دینا ہے۔

بشکریہ: اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں