آرمی چیف-سید عاصم منیر 0

کسی امتیاز کے بغیر پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے، آرمی چیف سید عاصم منیر

کسی امتیاز کے بغیر پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے، آرمی چیف سید عاصم منیر

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم مینر نے کہا ہے کہ کسی مذہبی، صوبائی، قبائلی، لسانی، نسلی، فرقہ وارانہ یا کسی اور امتیاز کے بغیر پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے،ریاست کے علاوہ کسی بھی ادارے یا گروہ کی طرف سے طاقت کا استعمال اور مسلح کارروائی ناقابل قبول ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جمعہ کو علمائے کرام و مشائخ سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علمائے کرام و مشائخ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز، راولپنڈی میں آرمی چیف سے ملاقات کی ۔ علمائے کرام و مشائخ نے متفقہ طور پر انتہا پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کی مذمت کی۔
علمائے کرام و مشائخ نے ملک میں رواداری، امن اور استحکام لانے کے لیے ریاستی اور سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا ۔علما ء کرام نے کہا کہ اسلام امن اور ہم آہنگی کا مذہب ہے اور بعض عناصر کی طرف سے مذہب کی مسخ شدہ تشریحات صرف ان کے ذاتی مفادات کے لیے ہیں جس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ۔
آرمی چیف نے فکری اور تکنیکی علوم کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت کی تفہیم اور کردار سازی کے لیے نوجوانوں کو راغب کرنے میں علمائے کرام کے کردار کی اہمیت اجاگرکی۔آرمی چیف نے انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے ذریعے پھیلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کے خاتمے کے لیے علماء کرام کے فتویٰ ”پیغام پاکستان“ کو سراہا ۔
انھوں نے علماء و مشائخ سے گمراہ کُن پروپیگنڈےکے تدارک اور اندرونی اختلافات کو دور کرنے پر زور دیا۔فورم نے متفقہ طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی، ایک دستاویزی نظام (پاسپورٹ)کے نفاذ، انسداد اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی اور بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی حمایت کی۔
فورم نے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والی دہشت گردی پر پاکستان کے موقف اور تحفظات کی مکمل حمایت کی۔ فورم نے پاکستان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے افغانستان پر سنجیدہ اقدامات کرنے پر زور دیا۔فورم نے غزہ میں جاری جنگ اور غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر بھی غم و غصے کا اظہار کیا اور انہیں انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مذہبی، صوبائی، قبائلی، لسانی، نسلی، فرقہ وارانہ یا کسی اور امتیاز کے بغیر پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے ۔

بشکریہ: اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں