اسٹیٹ بینک 0

گورنر اسٹیٹ بینک نے اسٹریٹجک پلان 2023 تا 2028 جاری کردیا

گورنر اسٹیٹ بینک نے اسٹریٹجک پلان 2023 تا 2028 جاری کردیا
بینک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے اسٹیٹ بینک کا اسٹریٹجک پلان برائے 2023 تا 2028ایس بی پی وژن 2028 جاری کردیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں جمعہ کو منعقدہ تقریب میں بینک کی سینئر انتظامیہ نے شرکت کی۔ اسٹیٹ بینک وژن 2028 اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترمیم کے بعد جاری کیا جانے والا پہلا منصوبہ ہے۔
اس میں مرکزی بینک کا نصب العین، مشن اور اگلے پانچ سال کے لیے متعین کلیدی اہداف بتائے گئے ہیں۔ اسٹریٹجک پلان اہم متعلقہ فریقوں کے ساتھ ایک مشاورتی اور جامع عمل کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے گورنر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک وژن 2028 اسٹیٹ بینک کے اس عزم کا اظہار ہے کہ قیمتوں کا استحکام اورمالی استحکام حاصل کیا جائے گا اور ملک کی پائیدار اقتصادی ترقی میں حصہ لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پلان کی تیاری کے دوران جن امور کو مدِنظر رکھا گیا ہے ان میں معیشت اور مالی استحکام کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات بشمول ماحولیاتی تبدیلی ، تیزرفتار ڈیجیٹل اختراعات اور رکاوٹیں، اور سائبر سیکورٹی کے بڑھتے ہوئے خطرات بھی شامل ہیں۔
جمیل احمد نے بتایا کہ ایس بی پی وژن 2028 میں چھ اہم اسٹریٹجک مقاصد کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں مہنگائی کو وسط مدتی ہدف کی حد میں رکھنا اور مالی نظام کی کارکردگی، اثرانگیزی، شفافیت اور استحکام بڑھانا، مالی خدمات تک شمولیتی اور پائیدار رسائی کو فروغ دینا،
شریعت سے ہم آہنگ بینکاری نظام میں ڈھالنا، جدت پسندانہ اور شمولیت پر مبنی ڈیجیٹل مالی خدمات کا ایکوسسٹم تشکیل دینا اور اسٹیٹ بینک کو ہائی ٹیک اور عوام پر مرتکز ادارے کا روپ دینا شامل ہیں۔ ان اسٹریٹجک مقاصد کو پانچ بنیادی موضوعات کے گرد تشکیل دیا گیا ہے جن میں اسٹریٹجک ابلاغ، ماحولیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں جدت طرازی، تنوع اور شمولیت، اور پیداواریت اور مسابقت شامل ہیں۔

بشکریہ: اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں