0

ایڈیٹوریل 18 نومبر 2023 میٹرو بس کی سہولت سے عام شہریوں کومستفید کرنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت شہر بھر میں 6 روٹس پرفیڈربس سروس چلانے کا فیصلہ ایک مثبت پیشرفت

یہ بات انتہائی حوصلہ افزاء اور رالپنڈی کے شہریوں کے لئے خوشی کا باعث ہے کہ میٹرو بس سروس کے بعد راولپنڈی شہر کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک اور بڑا اور اہم منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر بھر میں 6 روٹس پرفیڈربس سروس بھی چلائی جائے گی۔اگلے روز ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق منی بسیں راولپنڈی شہر اور گردونواح کے روٹس پر چلائی جائیں گی،جو مختلف روٹس سے مسافروں کو میٹرو سروس کے قریبی اسٹیشن تک لائیں گی،جہاں سے مسافر میٹرو بس سروس کے ذریعے اپنی مطلوبہ منزل پر روانہ ہوں گے۔ابتدائی طور پر 78منی فیڈربسیں شہر میں چلائی جائیں گی،فیڈر بس سروس کا تمام تر انتظام بھی میٹرو ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے کنٹرول میں ہوگا۔ ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام کے مطابق بس سروس سواں سے ریلوے سٹیشن،اسلام آباد ایکسرپس وے سے ریلوے سٹیشن،ڈھوک کشمیریاں سے گنجمنڈی،ڈھوک کشمیریاں سے ٹی بی ہسپتال، پیرودہائی موڑ سے کشمیر روڈ، فیض آباد انٹرچینج سے شمس آباد،صادق آباد کے ذریعے کھنہ پل کے روٹس پر چلائی جائیں گی۔منصوبے کے تحت فیڈر منی بس سروس کے روٹس کو حتمی شکل دے دی گئی،بسوں کے لیے چوہڑ ڈپو اور صدر ڈپو کو بطور سٹینڈ استعمال کیا جائے گا۔ہماری رائے میں یہ خبر رالپنڈی کے شہریوں کے لئے بلاشبہ انتہائی اہمیت کی حامل اور خوشی کا باعث ہے۔بلا شبہ حکومت اور متعلقہ اٹھارٹی کی طرف سے اس منصوبے کا فیصلہ رالپنڈی کے شہریوں کے لئے ایک بڑا تحفہ ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں عام اور متوسط طبقے کے افراد کیلئے یہ سفری سہولت کسی نعمت سے کم نہیں ہوگی۔ جہاں تک میٹرو بس سروس کا تعلق یہ بلا شبہ ایک بڑی اور تیز رفتار سہولت ہے لیکن یہ سہولت ایک مخصوص روٹ تک محدود ہونے کی وجہ سے شہر کی ایک بڑی آبادی اس سروس کی سہولت سے محروم رہتی ہے اور اب جبکہ شہر کے مختلف علاقوں سے ابتدائی طور پر 78منی فیڈربسیں شہر میں چلائی جائیں گیں لہذا اس نئی بس سروس سے میٹرو بس کی سہولت سے عام شہری بہتر طور پر مستفید ہونگے۔ مختلف روٹس سے یہ فیڈر بسیں مسافر شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو میٹروبس لنک تک رسائی دیں گی، جس سے شہری اس تیزرفتار بس سفر سے فائدہ اٹھا سکیں گئے۔ شہریوں کو معیاری اورسستی سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت اور متعلقہ اٹھارٹی کا ایک اچھا اور مثبت فیصلہ ہے اور بلاشبہ اس نئی سروس کے آغاز سے راولپنڈی کے شہریوں خاص طور پر طلباء اور نوکری پیشہ افراد کو جدید ، معیاری اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی اس سہولت سے جہاں وقت کی بچت ہوگی وہاں عام اور متوسط طبقے کے لوگوں کو بھی سستی اور معیاری سفری سہولت میسر ہوگی جو بلاشبہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا ایک قابل ستائش اور قابل تعریف عمل ہے۔ ہماری رائے اس فیڈر بس سروس کا دائرہ کار صرف چھ روٹس تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ وقت کے ساتھ اس کے روٹس نیٹ ورک میں اضافہ کیا جائے ، راولپنڈی اور اسلام آباد جڑواں شہروں کے درمیان مزید روٹس کا اجراء کیا جائے تو شہریوں کی ایک بڑی تعداد اس خصوصی بس سروس کے باعث میٹرو بس جیسی تیز رفتار، معیاری اور سستی سفری سہولت سے مستفید ہوسکیں گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں