0

ایڈیٹوریل 22 نومبر 2023 اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پاکستان ہی اس خطے میں بھارت کے مکروہ اور توسیع پسندانہ عزائم کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے

منگل کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کاخواہشمند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ، امن کی خواہش کو کمزور ی نہ سمجھا جائے ،پاکستان کی مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجزسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔کالجزآف فلائنگ ٹریننگ و ایروناٹیکل انجینئرنگ کے کمبائن کورسز سے گریجوایٹ ہونیوالے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہوئے نگران وزیرعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آج سے پاک فضائیہ کے آفیسر کے طورپر آپ کے کیریئر کا آغاز ہو رہا ہے، آپ نے ایئرفورس اکیڈمی سے بہترین تربیت حاصل کی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ اپنی تربیت کی بنیاد پر پوری لگن اور عزم کے ساتھ مستقبل کے چیلنجوں سے نبردآزما ہوں گے۔ا نہوںنے کہاکہ سپیس نیٹ ورک ، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر سپیس، نینو ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی وجہ سے قومی سلامتی اور دفاع کے روایتی تصورات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں تاہم کسی بھی جارحیت سے نمٹنے اور تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے دور کی ضروریات سے نمٹنے کے لئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاک فضائیہ نے حال ہی میں ایرو سپیس اور سائبر ڈومین میں ماڈرن نان کنٹیکٹ وارفیئر میں نمایاں ترقی کی ہے۔ نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا ج کہ یہ بات قابل اطمینان ہے کہ پاکستان کی افواج پیشہ وارانہ اعتبار سے باصلاحیت ہے اور اندرونی و بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اچھی تربیت کی حامل ہے،مسلح افواج کی قومی دفاع اور قومی تعمیر نو میں کردار کو پور ی قوم نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ امن کا کہنا تھاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے آزمائش کے وقت ہمیشہ بڑے حوصلے کامظاہرہ کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا پرچم سربلندرکھیں گے۔ نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطورقوم ہم نے ماضی میں چیلنجوں سے نمٹا ہے اور اسی طرح مستقبل کے چیلنجزسے بھی نمٹیں گے۔ہماری رائے میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے درست کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسائیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کاخواہشمند ہے اور یہ کہ امن کی خواہش کو کمزور ی نہ سمجھا جائے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اندرونی و بیرونی چیلنجزسے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ بلا شبہ یہ پیغام نا صرف بھارت جیسے مکار اور چالاک دشمن کے لئے ہے بلکہ یہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا ارتکاب کرنے والے کسی بھی ملک کے لئے ہے کہ کوئی ملک یا طاقت غلط فہمی کا شکار نہ ہو ۔ بلاشبہ وطن عزیز پاکستان کی مسلح افواج پیشہ وارانہ باصلاحیت رکھنے والی ایک متحرک اور چاک وچوبند افواج ہے اور یہ فوج گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردوں کے خلاف حالت جنگ میں ہے ۔ بھارت ہو یا جارحیت کا ارتکاب کرنے والا کوئی بھی ملک کسی غلط فہمی میں نہ رہے کیونکہ ضرورت پڑنے پر پاک مسلح افواج دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ۔ اس میں کوئی دورائے نہیں اور جیسا کہ نگران وزیر اعظم کا بھی کہنا تھا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل نہیں، ان کا کہنا تھا کہ تاہم پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے اور تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے دور کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے رہے گا۔ ہماری رائے میںجہاں تک اس خطے میں اسلحے کی ڈور کا معاملہ ہے یہ بھارت ہی ہے جس نے خطے میں اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے بڑے پیمانے پر اسلحہ کی دوڑ شروع کر رکھی ہے اور عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے اپنی اسلح کی دوڑ کو جائز قرار دیتا ہے۔ ایسے میں امریکہ چین کے خلاف اپنے عزائم کے لئے بھارت کو طاقت ور ملک بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے ،جو کسی طور بھی اس خطے کے امن اور سلامتی کے لئے نیک شگون قرار نہیں دیا جاسکتا۔ بلاشبہ امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں صہیونی اسرائیل اور جنوبی اشیا میں بھارت کی شکل میں دو ناسور ناگ پال رکھیں ہیں ، جو نا صرف اس خطے بلکہ عالمی امن کے لئے بہت بڑا خطرا ہیں۔بلاشبہ بھارت جیسا مکار ملک ہمیشہ پاکستان کی سالمیت کو کمزور کرنے کے لئے دہشت گردی کا سہارا لیتا ہے لیکن پاک فوج اور دیگر سیکورٹی اداروں کے بہادر جوانوں نے لازوال قربانیوں کے ذریعے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنایا اور دشمن کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آج وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی کے علاوہ دیگر کئی اورچیلنجز کاسامنا ہے بلاشبہ ان چیلنجز سے پاک فوج بہتر انداز میں نبرد آزما ہورہی ہے ، لیکن قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہی دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔ یہ بات قابل قدر ہے کہ پوری پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہی ہے ۔ بلاشبہ بھارت کے اس خطے میں مکروہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف پاکستان ہی ایک طاقت ہے جو بھارت کے جارحانہ عزائم کو خاک میں ملا سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان کو اپنے راستے کی ایک بڑی دیوار سمجھتا ہے اور عزائم کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں