بھارتی دہشت گرد نیٹ ورک عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، مشعال ملک
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے کہاہے کہ دہشت گردی کا بھارتی نیٹ ورک دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے اورامریکی سرزمین پر سکھ لیڈروں کے قتل میں ملوث بھارتی ڈیتھ سکواڈ عالمی امن کیلئے ایک خطرہ ہے۔
مشعال حسین ملک نے جو حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ بھی ہیں ایک بیان میں، زور دیاہے کہ عالمی برادری کو بھارت میں اقلیتوں کے قتل عام اور نسل کشی کو روکنے کے لیے بھارتی ہندوتوا حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر حیرانگی ظاہر کی کہ بھارتی عالمی دہشت گرد نیٹ ورک پاکستان، آزاد کشمیر، مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کے اندر ٹارگٹ کلنگ کے بعد اتمام براعظموں تک پھیل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور ایک اور ممتاز خالصتانی رہنما گروپتون سنگھ پنو کے قتل کی حالیہ ناکام سازش بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک کی دنیا بھر میں موجودگی کا واضح ثبوت ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی ڈیتھ سکواڈ اب بھی اوٹاوا اور واشنگٹن کی خودمختاری اور قومی سلامتی کو براہ راست چیلنج کر رہا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ کے اداروں کو بدنام زمانہ بھارتی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو منظم نسل کشی کا سامنا ہے۔مشعال ملک نے یاد دلایا کہ مقبوضہ وادی کشمیر کے عوام کوگزشتہ سات دہائیوں سے بھارتی ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی کی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے بڑے ٹارچر سیل اورفوجی چھاؤنی میں تبدیل ہو چکا ہے۔
اس کے باوجود عالمی طاقتیں بھارت کی طرف سے مسلسل خون کی ہولی اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام سے غافل ہے۔مشعال ملک نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے اداروں کو نہ تو ہندوستانی ڈیتھ سکواڈ کے ہاتھوں مزید لاشیں گرنے کا انتظار کرنا چاہیے اور نہ ہی انہیں ٹارگٹڈ کلنگ میں بھارتی دہشت گرد ریاست کے ملوث ہونے کے شواہد کا انتظار کرنا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کو دہشت گرد ریاست قرار دینے کے لیے متفقہ اور فوری اقدامات کرے اور بغیر کسی تاخیر کے بھارت پر سخت سفارتی اور اقتصادی پابندیاں عائد کرے ورنہ بھارتی نسل کشی کرنے والے اور بدنام زمانہ ڈیتھ اسکواڈ ہندوستان کے اندر اور باہر مسلم، سکھ، عیسائی اور دیگر اقلیتوں کو قتل کرتے رہیں گے۔