آتشزدگی 0

کراچی: عائشہ منزل پر عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق

کراچی: عائشہ منزل پر عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے عائشہ منزل میں فرنیچر مارکیٹ کی دکان میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 3افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ آگ لگنے کے نتیجے میں پوری عمارت کی حالت خستہ ہو گئی ہے۔

عائشہ منزل پر واقع عرشی شاپنگ مال میں بدھ کی شام فرنیچر مارکیٹ کی ایک دکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بقیہ دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ ابتدائی طور پر صرف دکانوں میں لگی تھی لیکن بعد میں آگ کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی اس نے عمارت میں اوپر بنے رہائشی فلیٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور آگ لگنے کے نتیجے میں تین افراد کی موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں جائے حادثہ پر موجود ہوں اور لوگوں کو باحفاظت عمارت سے نکال لیا گیا ہے۔اس سے قبل جوہرآباد پولیس کے افسر یاسر نے بتایا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ گرانڈ فلور پر موجود ایک دکان میں لگی اور تیزی سے پھیل گئی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریبا 4 سے 5 منزلہ عمارت ہے جس کی بالائی منزلوں پر بڑی تعداد میں لوگ رہائش پذیر ہیں جن میں سے اکثر کو بچا لیا گیا ہے البتہ کچھ لوگ اب بھی وہاں پھنسے ہوئے ہیں جن کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔جوہرآباد پولیس کے ایس ایچ او سدھیر بھیو نے ڈان کو بتایا کہ اس وقت آٹھ فائر ٹینڈر آگ بجھانے میں مصروف ہیں اور دعوی کیا کہ آگ پر کسی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ عرشی مال پر آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی علاقے کی بجلی حفاظت کے پیش نظر منقطع کر دی گئی ہے، کیالیکٹرک کا عملہ ریسکیو انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے جائے وقوع پر موجود ہے-

ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر عابد شیخ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کو متاثرہ عمارت سے نکال لیا گیا ہے اور اس وقت ریسکیو آپریشن جاری ہے اور کوشش ہے کہ جلد از جلد آگ پر قابو پا لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ تیسرے درجے کی آگ ہے اور پوری عمارت آگ کی لپیٹ میں ہیں، اس کے نیچے دو فلور کمرشل تھے جن میں گرانڈ اور میزانائن فلور شامل ہیں جبکہ اوپر چار منزلوں پر رہائشی عمارت تھی لیکن پوری عمارت اس وقت آگ کی لپیٹ میں ہے۔

ایک عینی شاہد نے دعوی کیا کہ کپڑے والا دکان میں گیس سیلنڈر رکھ کر سلائی کررہا تھا کہ سیلنڈر لیک ہوا جس سے پوری مارکیٹ میں آگ لگ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ کپڑے والے کے بال اور سر جلا لیکن اتنی دیر میں فوم اور کپڑے کی دکانوں میں اوپر سے نیچے تک آگ لگ گئی۔سول ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خالد احمد نے بتایا کہ آگ لگنے کے نتیجے میں زخمی ہونے شخص کو ہسپتال لایا گیا ہے جس کی عمر 23 سال ہے اور اس کی حالت نازک ہے کیونکہ اس کا پورا 100فیصد جسم جھلسا ہوا ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کا عرشی سینٹر میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سینٹر کے اندر موجود افراد کا باحفاظت انخلا یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے عائشہ منزل کے قریب عمارت میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آگ پر فوری طور پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جائے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو اور لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ فائربریگیڈ کی مزید گاڑیوں کو جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا حکم دیا۔اس واقعے سے 10 دن قبل ہی 25 نومبر کو کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے سبب دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 11 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں