مرتضی سولنگی 0

یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا، مرتضی سولنگی

یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا، مرتضی سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024کو عام انتخابات ہوں گے، یہ فیصلہ عوام کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا، آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، بنیادی فیصلہ سازی نگران حکومتوں کا کام نہیں، یہ منتخب حکومت اور منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو منتقل کر کے جائیں گے۔ہم ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان ٹیلی ویژن ملتان سنٹر کی 24 گھنٹے علاقائی نشریات کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم اس وقت انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان شااللہ 8 فروری 2024کو عام انتخابات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، اس عمل تک پہنچنے کے لئے میری خواہش ہے کہ پی ٹی وی ملتان سنٹر اس خطے کے عوام کے حقیقی مسائل اور ان کی امنگوں اور خواہشات کو اجاگر کرنے کے لئے ان کی آواز بنے۔

انہوں نے کہا کہ اس علاقے کے معاشی و ثقافتی مسائل کئی دہائیوں پرانے ہیں، ان کے حل کے لئے پی ٹی وی ملتان غیر جانبدار رہتے ہوئے اس خطے کی سیاسی جماعتوں سمیت مختلف لوگوں کی آراکو پیش کرے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انتخابات میں اصل فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، انتخابات میں عوام اپنی مرضی کا اظہار کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ آئندہ حکومت کون کرے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزارت فوڈ سیکورٹی اپنا کام کر رہی ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت زراعت کے لئے کچھ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، زراعت صوبائی سبجیکٹ ہے لیکن اس معاملے میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں مل کر کام کریں گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیا بھی آزاد ہے، عدلیہ بھی آزاد ہے، انتخابی عمل درست طریقے سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ شور شرابہ اور آوازیں جمہوریت کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والی پارلیمان اور حکومت کی کارکردگی کے بارے میں پیشنگوئی نہیں کی جا سکتی اور نہ ہی ماضی کی حکومتوں پر تبصرہ کرنا ہمارا کام ہے۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ملک جس حالت میں ہمیں ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی منتخب حکومت کو دے کر جائیں۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کے خطے کے لوگوں کے لئے یہ بہت اعزاز کی بات ہے کہ آج سے پی ٹی وی ملتان سینٹر 24 گھنٹے نشریات شروع کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملتان سینٹر سے کچھ پروگرام براہ راست نشر ہوں گے اور کچھ ریکارڈڈ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ میں تقریبا آٹھ پروگرام حالات حاضرہ کے ہوں گے، اس کے علاوہ موسیقی، ادب، بچوں اور خواتین کے لئے بھی خصوصی پروگرام پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی واحد براڈ کاسٹر ہے جس کی نشریات انٹینا کے ذریعے بھی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ اس کی نشریات کیبل اور سیٹلائٹ پر بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خطے کے بہت سے لوگ پاکستان سے باہر بستے ہیں، پی ٹی وی ملتان کی نشریات تقریبا 50 ملکوں میں براہ راست دیکھی جا سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ جب وہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو تھے اس وقت ہم نے سرائیکی میں خبریں نشر کرنے کا فیصلہ کیا، یوسف رضا گیلانی صاحب وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے سرائیکی زبان میں خبروں کا پہلا بلیٹن پڑھا، اس میں ان کا بہت اہم کردار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان کے پاس 24 گھنٹے نشریات کی صلاحیت آ چکی ہے جو نہ صرف خطے کی ثقافت، علم، ادب و زبان کو فروغ دے گا بلکہ یہاں کے عوام کے اصل مسائل اور ان کے معاشی و ثقافتی حقوق کے تحفظ کے لئے بھی اپنا اہم کردار ادا کرے گا،اس سے قبل پاکستان ٹیلی ویژن ملتان سینٹر کی 24 گھنٹے نشریات کی افتتاحی تقریب سے سرائیکی زبان میں خطاب اور ریڈیو پاکستان ملتان مرکز میں ادیبوں اور شاعروں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا کہ ملتان صوفیائے کرام کی دھرتی ہے، سرائیکی فنکاروں اور گلوکاروں نے سرائیکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے اہم کردار ادا کیا، پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت میں مصروف عمل ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل ہونے سے یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے ۔

نشریات دنیا کے پچاس ممالک میں دیکھی جا سکیں گی ۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ برصغیر میں سلسلہ سہروردیہ حضرت بہائوالدین ذکریا ملتانی کی وجہ سے شروع ہوا، اسی طرح برصغیر میں سلسلہ قادریہ اچ شریف سے حضرت غوث بندگی نے شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ خطہ ملتان نے ہمیشہ سے ادب اور فن کی بہت خدمت کی ہے، اس خطے میں پورے برصغیر سے فنکار اور گلوکار آئے، عظیم گلوکار پٹھانے خان، ثریا ملتانیکر، استاد حسین بخش ڈھاڈھی، بدرو ملتانی، نصیر مستانہ، جمیل پروانہ، عاشق حسین، رمضان حسین، پروین نظر، زاہدہ پروین، منصور ملنگی، غلام عباس اور دیگر گلوکاروں نے موسیقی کی بہت خدمت کی اور سرائیکی خطے کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سینٹر پچھلے 16 سال سے اس خطے کی خدمت کر رہا ہے، یہاں کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ پی ٹی وی ملتان کی نشریات سیٹلائٹ پر منتقل کی جائے جو آج پورا ہو گیا ہے، پی ٹی وی نیشنل ملتان کے نام سے نشریات دنیا کے 50 ممالک میں دیکھی جا سکے گی۔

مرتضی سولنگی نے کہا کہ میرا اس خطے کے شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے، میں جب ڈی جی ریڈیو پاکستان تھا تو قومی نشریاتی رابطے پر سرائیکی خبروں کا بلیٹن شروع کروایا، اس وقت یوسف رضا گیلانی نے پہلا بلیٹن پڑھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان سے سیٹلائٹ نشریات کا افتتاح کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، یہاں کے فنکار، ادیب اور شعراکرام اب آسانی سے پوری دنیا میں اپنے فن کا مظاہرہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی ملتان نے گزشتہ 16 سال کے دوران شعبہ خبر اور کرنٹ افیئرز کے پروگراموں کو بہترین طریقے سے کور کیا، امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے شاعروں احمد خان طارق، عاشق بزدار، اقبال سوکڑی، شاکر شجاع آبادی، رفعت عباس اور اشو لال کے علاوہ بہت سے شعراکرام نے شہرت حاصل کی۔پی ٹی وی نیشنل ملتان کے سیٹلائٹ پر آنے کے بعد شاعروں، ادیبوں اور فنکاروں کو زیادہ مواقع میسر آئیں گے۔ قبل ازیں ریڈیو پاکستان ملتان مرکز میں ادیبوں اور شاعروں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملتان مرکز میں جدید ترین ڈیجیٹل سٹوڈیو کا اضافہ خطے کے عوام کے لئے خوش آئند ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ریڈیو خطے کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ادب و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قانون کے مطابق ریڈیو سمیت تمام کارپوریشنز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں کے مطابق چلایا جانا ہے۔یہ قانون سازی کارپوریٹ گورننس کو بہتر بنانے کیلئے کی گئی ہے، کارپوریٹ گورننس سے اداروں کی آزادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی وی ملتان سینٹر کی 24 گھنٹے نشریات اور ریڈیو پاکستان ملتان مرکز میں جدید ترین ڈیجیٹل سٹوڈیو کا افتتاح کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں