دفتر خارجہ-بابری مسجد 0

بھارت عالمی امن کے لئے خطرہ

بلاشبہ بھارت کے منفی اور مکروہ عزائم ناصرف اس خطے بلکہ عالمی امن کے لئے خطرناک ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دینے کی کاروائی عمل میں لائیں
دفتر خارجہ پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر اور جرائم کا نوٹس لے، اگلے روز تاریخی بابری مسجد کے انہدام کے31 سال مکمل ہونے پر دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دن ایک افسوسناک واقعے کی یاد دلاتا ہے جب ہندو انتہا پسندوں نے قانون نافذ کرنے والی فورسز اور حکام کی موجودگی میں ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں صدیوں پرانی تاریخی مسجد کو مسمار کر دیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بھارت کی اعلی عدلیہ نے اس نفرت انگیز فعل کے ذمہ دار مجرموں کو نہ صرف بری کردیا بلکہ مسمار کی گئی مسجد کی جگہ پر مندر کی تعمیر کی بھی اجازت دے دی۔ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بھارت میں اگلے عام انتخابات سے چند ماہ قبل اس مندر کا افتتاح جنوری 2024 میں متوقع ہے،بابری مسجد کی شہادت کا سبب بننے والا مسلم مخالف جنون بدستور جاری ہے، چند ہفتے قبل بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلی نے اس بات کا عوام میں کھل کر اظہار کیا کہ مسجد کا انہدام پاکستان کے کچھ حصوں پر دوبارہ دعوی کرنے کے نمونے کے طور پر کیا گیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں حکمران طبقے سے تعلق رکھنے والے عناصر مسلمانوں کے خلاف ہسٹیریا اور نفرت کو ہوا دے رہے ہیں، آج ہندو بالادستی کے غبار سے سرگرم گروہ کئی دیگر مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں جن میں وارانسی کی گیانواپی مسجد اور متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد شامل ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ متعدد مساجد اور مزارات کو مختلف انتظامی اقدامات یا عدالتی عمل کی آڑ میں پہلے ہی مسمار کیا جاچکا ہے، مسلمانوں کے مقدس مقامات بھی انتہا پسندوں کے ہجوم کے حملوں کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ ہماری رائے میں بھارت میں جو شدت پسند اورانتہا پسند عناصر نریندر مودی جیسے اسلام اور انسانیت دشمن دہشت گرد وزیر اعظم کی قیادت میں تمام اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف متحرک ہوچکے ہیں، بلا شبہ اس صورتحال نے بھارت کے نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کو بے نقاب کردیا ہے بلکہ بھارت کا اصل، مکروہ اور حقیقی چہرہ بھی عالمی براداری کے سامنے بری طرح طشت ازبام ہوگیا ہے۔ بھارت عالمی قوتوں اور مغربی ملکوں کو اپنے سکولرازم کے جال میں پھنسا کر اپنا الو سیدھا کرتا رہا لیکن اب بھارت کے عزائم مغرب کے سامنے آشکار ہوچکے ہیں بلاشبہ اب نریندر مودی سرکار اور اس کے انتہا پسند گنڈوں کا ٹارگٹ صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ بھارت کی مختلف ریاستوں میں بسنے والے عیسائی اور دیگر اقلیتیں بھی ہیں۔ جب سے بھارت میں نریندر مودی اقتدار میں آیا ہے بھارت میں تمام اقلیتوں بشمول سکھ، عیسائی اور مسلمانوں کا جینا مشکل ہوچکا ہے، کیونکہ بی جے پی اور اس کے دہشت گرد عناصر کا ایجنڈا ہی بھارت کو ایک ہندو ریاست بنانے کا ہے اور اس مقصد کے لئے بی جے پی سرکار نریندر مودی کی قیادت میں اس ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ تاریخی بابری مسجد کو شہید کرنا بی جے پی کا ایک ٹیسٹ کیس تھا ان دہشت گردوں نے چند ماہ قبل ریاست منی پور میں سیکڑوں عیسائیوں کو نشانہ بنایا اور موت کے گھاٹ اتار دیا ر، اس طرح درجنوں گرجا گھروں کو نظر آتش کردیا۔ یہ جنونی ہندو نہ صرف اسلام کے خلاف ہیں بلکہ ان کا اصل اور خفیہ ایجنڈا تمام مذاہب کے خلاف کاروائی کرکے بھارت کوکو ایک خالص اور شد ہندو ریاست بنانا ہے۔ ہماری رائے میں عالمی برادری اور انصاف پسند قوتوں کو بھارت کی اس دہشت گردی اور منفی عزائم کا بھرپور نوٹس لینا چایئے۔ بلا شبہ بھارت کے منفی عزائم نہ صرف اس خطے بلکہ عالمی امن کے لئے خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔ ہماری رائے میں یہ عالمی قوتوں اور خاص طور پر مغربی ملکوں کی بھی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ بھارت کے ان مکروہ عزائم کا نہ صرف نوٹس لیں بلکہ بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔اس میں کوئی دورائے نہیں کہ اگر بھارت کے عزائم کو نہ روکا گیا تو نہ صرف اس خطے بلکہ عالمی امن کو خطرات لاحق ہونگے۔ ہماری رائے میں اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ تمام مذاہب بشمول مسلم اور کرسچن کمیونٹی اور ان کے کے مذہبی مقامات کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ اگر بھارت اپنے مکروہ عزائم سے پیچھے نہیں ہٹتا تو بھارت کے خلاف عالمی سطح پر پابندیا ں عائد کی جائیں اور بھارت کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں