سراج الحق 0

ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں نے آئین کے ساتھ بے وفائی کی۔ سراج الحق

ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں نے آئین کے ساتھ بے وفائی کی۔ سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ دوخاندانوں نے سات دفعہ حکومتیں کیں، خودخوشحال ، ملک کو بدحال کر دیا۔ جماعت اسلامی کی حکومت کسی خاندان کی نہیں، حقیقت میں عوام کی نمائندہ ہو گی۔ بار بار آزمائے ہوئے چہرے ملک کے مسائل حل کرنے کی بجائے، اضافے کا باعث بنے۔ نوجوان 8فروری کو دوخاندانوں کے محلات کا طواف کرنے کی بجائے ان کا احتساب کرنے کو تیار ہیں۔ دو خاندانوں کی حکومتوں کی وجہ سے 25کروڑ عوام بنیادی حقوق، بچے بچیاں تعلیم، نوجوان روزگار سے محروم ہیں، انہوں نے قومی ادارے تباہ کردیے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جرنیلوں نے آئین کے ساتھ بے وفائی کی، انہی حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں پاکستان آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کا غلام ہے۔

قوم کرپشن، جہالت، بے روزگاری سے پاک اسلامی و خوشحال پاکستان دیکھنے کے لیے 8فروری کو ترازو پر ٹھپہ لگا کر جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ ہم ان شاء اللہ ملک کو خوب صورت، پرامن، روشن مستقبل دیں گے۔ اقتدار ملا تو ملک میں قرآن کی حکومت نافذ کریں گے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی جیل سے رہا کرائیں گے، خواتین کے حقوق کی حفاظت کریں گے، ان کو وراثت میں حق دلائیں گے، خواتین کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ، صنعتی یونٹ اور یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بہاولپور میں خواتین کنونشن سے خطاب کرے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ محمد ظفر، امیر ضلع سید ذیشان اختر، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈاکٹر سمحیہ راحیل قاضی، تسنیم سرور، عظمیٰ نعیم، ڈاکٹر ثمینہ سعید بھی موجود تھیں۔سراج الحق نے کہا کہ نام نہاد تینوں بڑی پارٹیوں نے ایک بار نہیں بار بار حکومتیں کیں،لیکن انہوں نے ایک دن کے لیے بھی پاکستان میں دین کو نافذ نہیں کیا۔ آج ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، میں پوچھتا ہوں یہ قرض کس نے لیے اور کس نے ہڑپ کیے؟ آج اگر اس پاکستان میں ہر پانچواں پاکستانی گندا پانی پینے پر مجبور ہے تو کون ذمہ دار ہے، 31 فیصد نوجوان تعلیم کے باوجود بے روزگار ہیں، 11 کروڑ پاکستانی خطہ غربت سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں،تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔ ملک میں بدامنی،مہنگائی،بے روزگاری ہے تو ان تمام مسائل کی جڑ تینوں حکمران پارٹیوں کی سیاست ہے۔ یہ کہاں کا انصاف ہے دو خاندان ہی ملک پر مسلط رہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ خواتین کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ بہاولپور کی سرزمین پر شاید ہی اتنا بڑا اجتماع دیکھا ہو۔ یہ خواتین وڈیروں، جاگیرداروں، وڈیروں کے لیے نہیں بلکہ اللہ کی رضا، نبیۖ سے عشق، اسلامی نظام کے نفاذ اور اپنے مظلوم فلسطینی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بزرگوں کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں۔ مایوسی میں گرے لوگوں کو خواتین کے اس اجتماع نے حوصلے کا پیغام دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت غزہ جل رہا ہے، 25لاکھ فلسطین کی مائیں، بہنیں، بیٹیاں، بزرگ، جوان، بچے اسرائیل، امریکا، فرانس، برطانیہ، جرمنی کے بنائے ہوئے بموں کی آگ میں جل رہے ہیں، اسرائیلی جہاز بمباری کر کے موت بانٹ رہے ہیں، 21فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر میں ایران، ترکی اور قطر کے حکمرانوں سے ملا، قطر میں مسلم ممالک کے سفیر کی بات کی کہ پونے دوارب مسلمانوں کے 58اسلامی ممالک 74لاکھ افواج، لاکھوں کی تعداد میں ٹینک، جہاز اور میزائل موجود ہیں، اب وقت ہے کہ آگے بڑھیں اور غزہ کو بچائیں۔

میر جعفر اور میر صادق کی بجائے وقت کے غزنوی، صلاح الدین ایوبی بنیں۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں کرپٹ اشرافیہ اور حکمرانوں کا کڑا احتساب کرے گی، اگر سراج الحق وزیراعظم رہا ہے تو سب سے پہلے اس کا احتساب کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ عدالتیں اور احتساب کے ادارے کرپٹ لوگوں کا احتساب نہیں کر سکے، عوام 8فروری کو ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں۔ انھوں نے کہا کہ خواتین الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے گھر گھر جا کر اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں