خارجہ 0

ڈی آئی خان دہشتگرد حملے پرسیکرٹری خارجہ نے افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو طلب کرکےاحتجاجی مراسلہ حوالے کیا

ڈی آئی خان دہشتگرد حملے پرسیکرٹری خارجہ نے افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو طلب کرکےاحتجاجی مراسلہ حوالے کیا
پاکستان نے ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کے حملے پر افغان عبوری حکومت کے پاکستان میں ناظم الامور کو طلب کرکےاحتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو طلب کر کے درابن، ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ حوالے کیا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ اس دہشت گردی کے حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ ایک دہشت گرد گروپ تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے، دہشت گردی کے اس واقعہ میں پاک فوج کے 23 جوان شہید ہوئے۔
افغان ناظم الامور کو کہا گیا کہ وہ فوری طور پر افغان عبوری حکومت کو آگاہ کریں۔ مراسلے میں کہا گیا کہ حالیہ حملے کے مرتکب افراد کے مکمل تحقیقات اور سخت کارروائی کی جائے۔ افغان عبوری حکومت سے عوامی سطح پر اس واقعہ کی مذمت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
افغان حکومت تمام دہشت گرد گروہوں بشمول قیادت اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر کارروائیاں کریں۔ مراسلے میں کہا گیا کہ حملے کے مرتکب افراد اور افغانستان میں ٹی ٹی پی کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق مراسلے میں کہا گیا کہ دہشت گردانہ حملہ خطے میں امن و استحکام کے لیے دہشت گردی کے خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے۔

بشکریہ: اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں