انوار الحق کاکڑ 0

بھا رت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں ہو گی،انوار الحق کاکڑ

بھا رت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں ہو گی،انوار الحق کاکڑ

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں ہو گی بلکہ اور مضبوط ہو گی، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانوار الحق کاکڑ نے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے مظفر آباد میں قانون ساز اسمبلی کے ا سپیکر چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو آزاد کشمیر آمد پر خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی متزلزل نہیں بلکہ اور مضبوط ہو گی۔قبل ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے تحریک آزادی کشمیر میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔نگران وزیراعظم مظفر آباد کے دو روزہ دورے کے دوران یادگار شہدا پر گئے۔ انہوں نے یادگار شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم نے یادگار شہداپر جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے قربانیاں دینے والے رہنماؤں کی تصاویربھی دیکھیں۔ بعد ازاں وزیراعظم پاکستان جب آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی تو انہیں آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستے کی طرف سے گارڈ آف آنر پیش کیاگیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کایہ دورہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام کی بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے توثیق کے تناظر میں جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کر رہے ہیں۔اس سے قبل مظفر آباد آمد پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ہیلی پیڈ پرنگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں