انوار الحق کاکڑ 0

وزیراعظم پاکستان سے حریت رہنمائوں سمیت کشمیری رہنماوں کے وفد کی ملاقات

وزیراعظم پاکستان سے حریت رہنمائوں سمیت کشمیری رہنماوں کے وفد کی ملاقات

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑسے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت کشمیری رہنماوں کے وفد نے ملاقات کی۔ کشمیری رہنمائوں نے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی یکطرفہ اقدام کی توثیق کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،حریت رہنماوں کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے خطاب نے کشمیریوں کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ریاست پاکستان کا پیغام لے کر آیا ہوں کہ پاکستان سیاسی اور سفارتی سطح پر کشمیریوں کی حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا ،کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی مشنز بین الاقوامی تھنک ٹینکس ، میڈیا اور اکادیمیہ سے روابط بڑھائے گے،واشنگٹن ڈی سی، لندن ، برسلز اور دیگر اہم دارالحکومتوں میں مقدمہ کشمیر کے حوالے سے حکمت عملی بنائی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ وزارت خارجہ اور حریت رہنمائوں کا اجلاس جلد منعقد کروایا جائے گا،حریت رہنما کشمیر کاز کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز دیں ،اوورسیز کشمیری کی آواز کشمیر کاز کے لئے انتہائی کارگر ثابت ہو سکتی ہے ،ہم واضح طور پر بھارت کی سپریم کورٹ کی طرف سے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت سے متعلق فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، جو سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے، جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے،بھارت اپنی نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔

وفد میں محمود احمد ساگر، غلام محمد صفی ، الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، شیخ عبدالمتین، سلیم ہارون، شیخ محمد یعقوب، امتیاز وانی، سید منظور شاہ, منظور قادر، حافظ حامد رضا ، مولانا امتیاز صدیق، سید یاسر عباس، سید جواد الحسن سردار امجد یوسف، میاں عبد الوحید، دانیال شہاب مدنی، ڈاکٹر مشتاق ، سردار عبد القیوم ،راجہ فاروق حیدر، سردار عتیق اور دیگر شامل تھے۔ملاقات میں میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں