ہمایوں اختر استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
سینئر سیاستدان اور تحریک انصاف کے سابق رہنما ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔لاہور میں ہمایوں اختر خان نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر خان ترین، عبدالعلیم خان اور فردوس عاشق اعوان کے ساتھ پریس کانفرنس کرنے ہوئے کہا کہ میں نے نو مئی کے واقعات کے فورا بعد پی ٹی آئی علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی کی قیادت پر مکمل بھروسہ ہے، میں جنرل کا بیٹا ہوں، ایسے واقعات پر کیسے خاموش رہ سکتا تھا، میں بچپن میں جہاں رہا، ان شہدا کی یادگار کی بے حرمتی نہیں دیکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی قیادت میں ملکی مسائل حل کرنے کی صلاحیت ہے، ہمارا ملک مہنگائی اورر بے روزگاری میں پسا ہوا ہے۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں ایک شہید جرنیل کا بیٹا ہوں۔
جو کچھ نو مئی کو ہوا، اس کے بعد میرے لیے یہ ممکن نہیں تھا کہ وہاں مزید رہ سکوں۔جہانگیر ترین بڑے اور علیم خان میرے چھوٹے بھائی ہیں۔ ان سے اور دیگر دوستوں سے مشاورت کے بعد میں نے آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ہمایوں اختر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میری الیکشن لڑنے کی کافی طویل تاریخ ہے۔
الیکشن کہاں سے لڑنا ہے، یہ فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہو گا۔اس موقعے پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمایوں اختر سے پرانے تعلقات ہیں، میں انہیں آئی پی پی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور اور پاکستان کی سیاست میں ہمایوں اختر کی اہم خدمات رہی ہیں۔ وہ آئی پی پی کو مضبوط کریں گے۔
سربراہ آئی پی پی جہانگیر ترین نے ہمایوں اختر کو پارٹی کا مفلر پہنایا، جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمایوں اختر سے پرانا رشتہ ہے، خوشی ہے، ہمایوں اختر نے آئی پی پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے، ہمایوں اختر ہماری پارٹی کے سینئر نائب صدر ہوں گے۔