میڈیا 0

میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے ، سی پی این ای، پی ایف یو جے،ایمنڈ

میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے ، سی پی این ای، پی ایف یو جے،ایمنڈ

کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) اور ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹر (ایمنڈ) نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنا انتہائی تشویشناک ہے ،ایمنڈ ،پی ایف یو جے اور سی پی این ای نے کہا کہ عدلیہ کے بعض فیصلے جس میں سائفر سمیت بعض اہم مقدمات کی کوریج پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے حیران کن ہیں ،

انہوں نے کہا بعض اہم نوعیت کے اہم مقدمات کی میڈیا کوریج پر پابندی عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنے کے سوا کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات و چینلز کو ریاستی اداروں کے دباو ،غیر قانونی اور غیر اعلانیہ سنسر شپ ،من پسند مواد کی تشہیر پر زور ،عدالتی اور سیاسی کوریج پر پابندی ،صحافیوں اور چینلز پر دباو جیسے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ۔ان اقدامات کا مقصد میڈیا کی آزادی سلب کرکے عوام کو حق معلومات سے محروم رکھنے کے سوا کچھ نہیں ۔انہوں نے کہا اس گھٹن زدہ ماحول میں عدلیہ ہی ریلف کا واحد دروازہ ہے لیکن اگر یہ درواذہ بھی بند محسوس ہو تو صورتحال مزید خراب نظر آتی ہے ،

بیان میں مزید کہا گیا کہ پیمرا اور ریاستی اداروں کے ذریعے تواتر سے دباو بڑھا کر خوف کی فضا پیدا کی گئی ہے،ہر روز نت نئی غیر قانونی اور غیر اعلانیہ پابندیوں کا سامنا ہے جو کسی صورت قبول نہیں کیونکہ کہاں کیا ہورہا ہے یہ جاننا میڈیا کے ذریعے عوام کا حق ہے سی پی این ای ،پی ایف یو جے اور ایمنڈ نے چیف جسٹس اف پاکستان جسٹس فائز عیسی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں میڈیا کو درپیش صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں ۔ سی پی این ای ،پی ایف یو جے اور ایمنڈ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک میں آزادی اظہار رائے کیلئے ہر ممکن جہدوجہد کریں گے جس کے لئے تمام قانونی راستے اختیار کئے جائیں گے ،اس سلسلے میں دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں