وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین 0

پوری قوم کو آبادی کو کنٹرول اوراپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا۔ چوہدری ارشد حسین

پوری قوم کو آبادی کو کنٹرول اوراپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا۔ چوہدری ارشد حسین

آزاد کشمیرکے وزیر توانائی و آبی وسائل چوہدری ارشد حسین نے کہا ہے کہ وہی معاشرے اور ملک ترقی کرتے ہیں جن کو اپنے عوام کے لیے تعلیم،صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم ہوتی ہیں۔پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے برعکس سہولیات اور وسائل کا شدید فقدان ہے۔جو ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔اس حوالے سے پوری قوم کو آبادی کو کنٹرول کرنا ہوگااور اپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا۔علماء کرام قوم کے رہبر ہیں وہ عوام الناس میں قرآن و سنت کی رو سے بڑھتی ہوئی آبادی کے تناسب کو کم کرنے کے لیے لوگوں کے اندر شعور بیدار کریں۔محکمہ بہبود آبادی آزاد کشمیر عوام الناس میں آبادی کے تناسب کو اعتدال پر رکھنے کی جو کاوشیں کر رہا ہے اس سے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ بہبود آبادی اور UNFPAکے زیر اہتمام قومی بیانیہ برائے آبادی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار کی صدارت ڈائریکٹر جنرل بہبود آ بادی سردار آفتاب حسین نے کی جبکہ سیمینار سے کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی،چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،ڈ ائریکٹر جنرل امور دینیہ حافظ نذیر احمد قادری، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فدا حسین راجہ،ضلع مفتی عبدالغفار سیلفی،ضلعی آفیسر بہبود آبادی کامران حسین، مولانا عابد حسین،ڈاکٹر فاطمہ یعقوب اور دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔سیمینار میں محکمہ صحت عامہ،تعلیم،علماء کرام اور دیگر ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بہبود آبادی سردار آفتاب حسین نے کہا کہ آج اس سیمینار میں ہر مکتبہ فکرسے تعلقات رکھنے والوں نے شرکت کرکے قومی بیانیہ برائے آبادی کے مقاصد پورے کیے آزاد جموں وکشمیر محکمہ بہبود آبادی اس طرح کے سیمینار منعقدکر کے عوام میں شعور بیدار کرتا رہے گا انھوں نے کہا کہ جب تک آبادی کو کنٹرول نہیں کیا جاتا اس وقت تک معاشرے کے ہر فرد کوبنیادی سہولیات میسر نہیں ہوسکتی۔انھوں نے سیمینار میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
کمشنر چوہدری شوکت علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے وسائل اور آبادی کے توازن کو برقرار رکھنا ہوگا تاکہ ہمارے بچوں کوتعلیم،صحت،ماحول جیسی دیگر سہولیات میسر آسکیں۔آبادی کے تناسب کو برقرار رکھنے کے لیے علماء کرام مساجد اور مکتب کے پلیٹ فارم سے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں دنیا بھر کے ممالک نے آبادی کے تناسب کو کم کیا ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے ملک میں اس طرح کا طرز عمل اختیار نہیں کیا گیا جس معاشرہ کی تہذیب میں اصلاح نہیں ہوتی وہ تباہ وبرباد ہوجاتے ہیں۔

چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا نے اپنے خطاب میں کہاکہ خوشحال معاشرہ کے قیام کے لئے ہمیں آبادی کے تناسب کو کم کرنا ہوگا انہوں نے کہاکہ وسائل اور سہولیات کے عدم توازن سے معاشرے میں بے شمار مسائل کا سامنا ہے جس سے بہترین تعلیم اور صحت کی سہولیات بھی اس طرح سے میسر نہیں جس طرح ترقی یافتہ ممالک کے لوگوں کو دستیاب ہیں۔

سیمینار میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کے خطرناک مسائل اور نتائج کے تدارک کے لئے مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے تفصیلی گفتگو کی اور کہاکہ پاکستان دنیا کا پانچواں ملک ہے جس کی آبادی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے اگرآبادی کو کنٹرول نہ کیا گیا تواس کے خطرناک نتائج مرتب ہو سکتے ہیں جو ہمارے ملک اور قوم کے لیے ایک بہت بڑا المیہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں