چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان 0

چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا نمل انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ طالبات کو خراج تحسین

چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان کا نمل انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ طالبات کو خراج تحسین

نمل میرپور کیمپس میں ایک شاندار ہم نصابی سرگرمی آل آزادکشمیر اردو و انگریزی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقابلے میں آزاد کشمیر کے سکولز اور کالجز کی تیرہ ٹیموں نے شرکت کی۔ مظفر آباد، بھمبر اور میرپور ڈویژن کے نامی ماہرین تعلیم اپنے ہونہار طالبعلموں کے ساتھ اس پروگرام میں موجود تھے۔ کیمپس کے کشادہ لان میں دسمبر کی دلفریب دھوپ میں اس خوبصورت پروگرام کا انعقاد نمل میرپور کیمپس کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل راجہ طاہر نجیب کی سربراہی میں ہوا۔

مہمانِ خصوصی سپریم کورٹ آف آزادکشمیر کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان تھے۔ مہمانانِ اعزاز میں میرپور کے اعلی انتظامی عہدیداران، پروفیسر صاحبان، تعلیمی ادارہ جات کے پرنسپلز، اور معروف سماجی قائدین شامل تھے۔ مقابلے کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ نعتِ رسولِﷺ مقبول پیش کی گئی اور اس کے بعد مقرر طلبہ و طالبات نے اپنی اپنی باری پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ ایک سے بڑھ کر ایک عمدہ تقریر سننے کو ملی اور حاضرین نے ہر مقرر کو دل کھول کر داد دی۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر نمل نے اس ہم نصابی سرگرمی کی غرض و غایت، موضوعات کے انتخاب، نمل کے ویژن اور مشن، نمل کی رینکنگ اور طلبہ و طالبات کی گرومنگ کے قومی مشن کا نہایت عمدگی سے ابلاغ کیا۔ مہمان خصوصی چیف جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے بھی اپنے خطاب میں نمل انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ طالبات کی اس بہترین کاوش کو سراہا۔

میرپور میں نمل کیمپس کے قیام پر انھوں نے خصوصی طور پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور ایک بہترین درسگاہ کے طور پر نمل کی خدمات پر عمدہ کلمات بیان کیے۔تقریب کا خصوصی حسن شریک طلبہ و طالبات کا جوش و خروش تھا کم و بیش پانچ گھنٹے جاری رہنے والے اس پروگرام میں آخر تک یہ جوش و خروش برقرار رہا۔ مہمانِ خصوصی چیف جسٹس آزادکشمیر راجہ سعید اکرم خان نے اعلیٰ کارگردگی کی بنیاد پر سکالر شپس حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسناد تقسیم کیں۔

تقریری مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسناد اور نقد انعامات سے نوازا گیا اور ان کی خوب حوصلہ افزائی کی گئی۔ آخر میں کیمپس میں مختلف ہم نصابی پروگرامز کے انعقاد میں پیش پیش طلبہ و طالبات کو اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں۔ مجموعی طور پر نمل میرپور کیمپس کا یہ ایک یادگار پروگرام تھا۔ کیمپس کے اساتذہ اور طلبہ نے عمدگی سے تمام انتظامات کر رکھے تھے اور ریجنل ڈائریکٹر نے ہر معاملے میں طلبہ و اساتذہ کی سرپرستی کرتے نظر آئے۔ ان کی متحرک، فعال اوربصیرت قیادت نے اس بڑے پروگرام کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ نمل مین کیمپس کی روایات کے عین مطابق بروقت شروع ہونے والا یہ پروگرام بروقت، منظم اور شایانِ شان انداز میں اختتام پذیر ہوا۔ حاضرین کے مطمئن چہروں پر یہ عبارت واضح نظر آئی کہ میرپور میں نمل کا قیام یقینی طور پر میرپور کی علمی و تعلیمی دنیا میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں