ظفر اقبال ملک 0

سکاؤٹس کی خدمات کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ ظفر اقبال ملک

سکاؤٹس کی خدمات کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ ظفر اقبال ملک

آزاد کشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہاہے کہ بوائز سکاؤٹ اور گرلز گائیڈ کی اہمیت اپنی جگہ ہے جب بھی کوئی ناگہانی آفات سماوی جن میں آندھیاں،زلزلے،طوفان،بارشیں،سیلاب یا کوئی وبائی امراض پھوٹ پڑے اس وقت سکاؤٹس بلا تنخواہ متاثرہ لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔ سکاؤٹس کی خدمات کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔موجودہ حکومت میں گڈ گورننس کے قیام کے لئے وسیع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قومی وسائل کے بے دریغ استعمال کو کافی حد تک روکا گیا ہے، جن اداروں پر حکومتی وسائل زیادہ خرچ ہو رہے ہیں ان سے اہداف بھی حاصل ہونے کو یقینی بنا رہے ہیں محکمہ تعلیم پر حکومت بجٹ کا کثیر حصہ خرچ رہی ہے۔ اس شعبہ سے وابستہ افراد نئی نسل کی تعلیم و تربیت کو صرف ڈگریوں اور گریڈوں تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دیں اور نوجوان نسل کو بے راہ روی سے بچائیں اور ان میں اخلاقی اقدار پیدا کریں۔ اگر ہم نے اپنے نوجوانوں کی لام بندی نہ کی تو پھر اس کے ناقابل تلافی نقصانات ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ سکاؤٹ ڈے کے موقع پر ڈویژنل سطع پر سکاؤٹس کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کمشنر چوہدری شوکت علی سے ڈویژنل صدرسکاؤٹ کا حلف لیا جبکہ کمشنر چوہدری شوکت علی نے ڈویژن کے تینوں اضلاع میرپور،بھمبر اور کوٹلی کے سکاوٹس کے عہدیداران سے حلف لیا۔ اس موقع پر کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال،ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر نذر حسین چوہدری،سابق ڈائریکٹر سکولز افضال بیگ،مرزا خادم حسین،ڈی ای او ز مردانہ و زمانہ میرپور،بھمبر کوٹلی اور دیگر محکموں سے سکاؤٹس سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہاکہ سکاؤٹس کی تقریب میں شرکت کرکے مجھے حقیقی خوشی محسوس ہوئی ہے کہ سکاؤٹس ہمیشہ بلامعاوضہ اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں جب بھی کوئی مشکل وقت یا دور افتادہ مصیبت،زلزلہ،طوفان،سیلاب آتے ہیں یہ لوگ سب سے پہلے لوگوں کی مدد کو پہنچتے ہیں انہوں نے محکمہ تعلیم سے وابستہ افسران سے کہاکہ وہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیں اور انہیں معاشرے کا ایک باوقار اور بامقصد شہری کے کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں جب تک ہم نئی نسل کو دور جدید کے تقاضوں اور بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار نہیں کریں گے تب تک ہم بین الاقوامی سطح پر ترقی کی دوڑ سے بہت پیچھے رہ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں پر جس طرح حکومتی وسائل خرچ ہو رہے ہیں اس کے مقابلے میں طلباء وطالبات کے نتائج اور کردار سازی کا معیار بہت کمزور ہے جس کو حکومتی، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور والدین نے باہم ملکر بہتر بنانا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکاؤٹس جہاں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں وہاں انہیں معاشرے کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں سکاوٹ کی ذمہ داریوں نہایت ہی اہمیت کی حامل ہیں چونکہ ہمارا دشمن آئے روز ملک کو نقصان پہنچانے کے در پہ رہتا ہے ان حالات میں ہمارے ہر فرد کو رضارانہ تربیت اور سکاؤٹس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے بھی سکاؤٹس کو مضبوط اور منظم کرنے کی ہدایات دے رکھی ہیں۔اس موقع پر انہوں نے سکاؤٹ کا حلف اٹھانے والوں کو مبارکباد دیں اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں