گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن 0

پاکستان مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے ۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

پاکستان مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے ۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں کرسمس کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا، تقریب میں بیگم گورنر پنجاب، سابق صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین،آرچ بشپ لاہور سبسٹین فرانسس شا،یوتھ ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کے سربراہ شاہد رحمت ، جنرل مینجر ٹی ڈی سی پی واجد ارجمند ضیا اور گورنر ہائوس کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔ ایڈوکیٹ راجہ نتھانیل گل، ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل ، ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی اشفاق ڈوگر،وکلا برادری اورکثیر تعداد افراد میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد اس موقع پر موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں آپس میں زیادہ سے زیادہ پیار، محبت اور خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام بھی امن و سلامتی اور بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج ہمیں سب سے زیادہ ضرورت اتحاد اور یکجہتی کی ہے تب ہی ہم اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فلسطین میں عورتوں، بچوں اور نہتے شہریوں پر جاری ظلم و ستم تکلیف دہ ہے۔ دنیا میں انسانیت پر جہاں بھی ظلم ہو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیئے اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔

اس موقع پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب اور بیگم گورنر نے مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔دریں اثنا،گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ایک تاریخ ساز شخصیت تھے ۔ انہوں نے ہمیشہ تعمیری سیاست کی ۔

انہوں نے قیام پاکستان کے لیے دلیل کے ساتھ رائے عامہ ہموار کی۔ وہ ایک سچے اور جرات مند انسان تھے۔ ان کے دشمن بھی ان کے کردار کی تعریف کرتے تھے۔قائد اعظم محمد علی جناح کا احسان ہے کہ آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین عمل یہی ہے کہ ہم سب کو چاہیے کہ وطن عزیز کی سا لمیت، وقار اور بقا کی خاطر متحد ہوں اور ان کے رہنما اصولوں ایمان، اتحاد تنظیم کو عملی طور پر اپنائیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کا ہمارے لیے عطیہ خداوندی ہے جس کے لیے ہمیںں اپنی صفوں میں اتحاد رکھنا ہوگا اور فروعی اختلافات کو پس پشت ڈالناہو گا۔گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے کرسمس کے مقدس تہوار اور حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پردنیا بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارک باد دی اور کہا ہے کہ پاکستان مذہبی رواداری ، اخوت ، بھائی چارے اور اقلیتوں کے حقوق کی مکمل حمایت اور پاسداری کرتا ہے ۔

ملک میں بسنے والی مسیحی برادری نے قیام پاکستان ہو یا تعمیر پاکستان ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور یہ بات انتہائی قابل قدر اور ستائش ہے کہ مسیحی بھائیوں نے تمام قومی شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں