ایکسپورٹ، امپورٹ کیلئے خصوصی بینک کا قیام سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے‘ عثمان اشرف
پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈا یکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب ایکسپورٹ، امپورٹ کے لئے خصوصی بینک کا قیام قابل ستائش اقدام ہے اور یہ ملکی معیشت، تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،برآمد کنندگان کو سہولیات کے ساتھ برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔اپنے بیان میں،
انہوں نے کہا کہ خصوصی بینک کے وجود میں آنے سے برآمدات میں اضافے کے علاوہ نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں بھی مدد ملے گی، کریڈٹ انشورنس اور گارنٹی کی خدمات میسر آنے سے برآمد کنندگان کی ایک بڑی مشکل حل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے غیر معمولی اقدامات نا گزیر ہیں اور ایکسپورٹ، امپورٹ سے متعلقہ خصوصی بینک کا قیام اس جانب اہم پیشرفت ہے۔
ہمیں سب سے پہلے خطے کے حریف ممالک کا مقابلہ کرنا ہے جس کیلئے حکومت کی سرپرستی ناگزیر ہے، خطے کے ممالک کی حکومتیں اپنے برآمد کنندگان کو مختلف مدوں میں مراعات اور ریلیف دے رہی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی برآمدات کے گروتھ میں تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ برآمد کنندگان کوسازگار اور لیول پلینگ فیلڈ دستیاب ہونے کے ساتھ عالمی مارکیٹوں تک رسائی بھی ہو سکے گی۔
ا نہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ بینک سے انشورڈ برآمدات کا حصول ممکن ہو سکے گا اوربرآمد کنندگان کے لئے کمرشل بینکوں کے عدم ادائیگی کے خطرات بھی کم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبہ ہے کہ ایگزم بینک سے برآمد کنندگان کیلئے فنانس سکیم کا بلا تاخیر اجرا ء کیا جائے جس سے اسٹیٹ بینک پر بھی بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے بینکوں میں خصوصی کاؤنٹر کا قیام عمل میں لا کر ان کا ایگزم بینک سے الحاق کیا جائے تاکہ ملک بھر میں موجود برآمد کنندگان کو اپنے قریب ترین بینکوں میں سہولت میسر آ سکے۔