نوازشریف قوم کی امید، اللہ انہیں قوت استقامت عطا فرمائے، فاروق حیدر
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار فاروق حیدر نے کہا ہے کہ نوازشریف اس وقت قوم کی امید ہیں، اللہ انہیں قوت استقامت عطا فرمائے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر سردار فاروق سکندر کی رہائش گاہ پرکرسمس،قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نوازشریف کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد ہوا،سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے الگ الگ کیک کاٹے،اس موقع پر مسلم لیگی رہنما،مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری نے فلسطینی بھائیوں کے لیے جس طرح آواز اٹھائی اس پر ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ ریاست جموں کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ بیسویں صدی کے عظیم مسلم رہنما تھے جو کام انہوں نے کیا کسی اور نے نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ لیگی قائد محمد نوازشریف کی صحت، سلامتی کیلئے دعا گو ہیں، نوازشریف اس وقت قوم کی امید ہیں اللہ رب العزت انہیں قوت استقامت عطا فرمائے۔