چوہدری انوار الحق 0

اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر آج تک عمل نہیں کرایا جا سکا، چوہدری انوار الحق

اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر آج تک عمل نہیں کرایا جا سکا، چوہدری انوار الحق

وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیرچوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر آج تک عمل نہیں کرایا جا سکا، کشمیریوں کی منزل تکمیل پاکستان ہے اور حق خودارادیت کے ذریعے کشمیری اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے۔ اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو ایک غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے حقِ خودارادیت کی ضمانت دی تھی جس کو پورا کرنا اسکی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ظالمانہ بھارتی تسلط کا جبر سہنے کے باوجود اہلِ کشمیر حقِ خودارادیت کے حصول کے مطالبے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ بھارت سن لے، کشمیریوں کو آزادی نہ دی تو اس کے اپنے کئی ٹکڑے ہو جائیں گے۔

اہل پاکستان اور کشمیری قوم غیر انسانی اور غیرقانونی تسلط کے جبر سے آزادی کی جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں معصوم کشمیری شہید کیے گئے لیکن کشمیری آزادی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں۔

بھارتی حکومت نے مسلسل غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف اور کشیدگی کی فضا پیدا کر رکھی ہے، مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی کی سیاسی تحریک کو کچلنے کیلئے مودی سرکار نے تمام سیاسی قیادت کو قید و بند کر رکھا ہے، اقوام متحدہ اور عالمی ادارے کشمیری قیادت کو بھارتی جبر سے آزاد کرائے، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظمیوں کو مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ کام کرنے کے موقع فراہم کرائیں۔

جموں کشمیر کی آزادی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی تحقیقات کریں۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ حق خودارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے۔

مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کا موقف بالکل واضح اور دو ٹوک ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت دیا جائے۔ کشمیری عوام پاکستان کی سلامتی، سالمیت، استحکام اور تکمیل پاکستان کیلئے اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے اور کامیابی کے حصول تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیر اعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ حق خودارادیت انسانی حقوق کا بنیادی جزو، عالمی برادری جموں کشمیر سے بھارتی غیر قانونی قبضے کو چھڑانے کیلئے کردار ادا کرے، 5 اگست 2019 کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر آئینی قبضہ کرنے کو تمام کشمیریوں نے مسترد کر رکھا ہے اور کشمیری عوام نے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔کشمیریوں کی منزل تکمیل پاکستان ہے اسی لیے سات دہائیوں سے کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور حق خودارادیت کے ذریعے کشمیری اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔

بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے جموں کشمیر پر بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں