سردار تنویر الیاس 0

کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں، سردار تنویر الیاس

کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں، سردار تنویر الیاس

صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین، سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی، انجینئر طفیل بٹ، گلشاد احمد بٹ، انجینئر نواز احمد بٹ، بشیراللہ خان انقلابی، محترمہ ثناء و دیگر کی ملاقات،ملاقات میں بھارتی سپریم کورٹ کے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق متعصبانہ فیصلے کے بعد پیدا شدہ صورتحال، مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور 5 جنوری یوم حق خود ارادیت کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکا۔ پانچ جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکورٹی کونسل کی منظور شدہ قرار دادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دیا گیا، لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہ کروانا عالمی برادری کی عدم دلچسپی اور سب سے بڑے ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے بونے ججز نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق غیر اخلاقی و غیر قانونی متعصبانہ فیصلہ دیا۔

ہم ایسے فیصلوں کو، ایسے قوانین کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، جس میں کشمیری عوام کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ کشمیری کئی دہائیوں سے تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔مسئلہ کشمیر کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے ہے۔

بھارت اپنی نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا ہے۔ کشمیریوں کی منزل پاکستان ہے۔جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیں منزل سے دور نہیں کرسکتی۔ وفد نے سابق وزیراعظم کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کاوشوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر سابق معاون خصوصی سردار یاسر مشتاق، سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں