سردار عتیق احمد خان 0

یوم حق خود ارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کیلئے ذمہ داری یاد دلانا ہے، سردار عتیق

یوم حق خود ارادیت منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کیلئے ذمہ داری یاد دلانا ہے، سردار عتیق

آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ 5 جنوری یوم حق خود ارادیت کا دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو مظلوم کشمیریوں کے لیے ذمے داری یاد دلانا ہے۔

بھارتی قبضے کے 76 سال کشمیریوں پر جبر کی افسوس ناک داستان ہیں، ہندوستان مقبوضہ کشمیر پر اپنا قبضہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کی حمایت کے لیے پُرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ اقوامِ متحدہ کو 75 سال قبل کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کا احترام کرنا چاہیے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے یوم حق خورادیت کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہر سال، 5 جنوری کو، ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں، آج کے دن 1949 میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی توثیق کی گئی۔انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا ایک بنیادی اصول ہے جسے اقوام متحدہ کے متعدد بنیادی معاہدوں، بشمول شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی عہد اور اقتصادی، سماجی اور ثقافتی حقوق کے بین الاقوامی عہد میں برقرار رکھا گیا ہے۔

کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حق خود ارادیت سے متعلق اپنی سالانہ قرارداد میں اس کی توثیق کی ہے تاہم، بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرِ تسلط جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے گزشتہ 76 سال جموں و کشمیر کے لوگوں پر جبر کی ایک افسوسناک داستان ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیر پر اپنا قبضہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اس متنازعہ علاقے کی حیثیت سے متعلق 11 دسمبر 2023ء کا بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ اس سمت میں تازہ ترین قدم ہے، بھارت ایسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو مزید محکوم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، بھارت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت اور آزادی اور وقار کے ساتھ جینے کے حق سے مسلسل انکاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر جنوبی ایشیاء میں امن خطرے میں پڑسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں