محسن نقوی 0

صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور غریب عوام کو مفت علاج کی سہولتیں یقینی بنانے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی کارکردگی قابل ستائش ہے

صحت کے شعبے میں بہتری لانے اور غریب عوام کو مفت علاج کی سہولتیں یقینی بنانے کے لئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی کارکردگی قابل ستائش ہے

ایک خبر کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے مناواں کینسر ہسپتال کو رواں ماہ کے اختتام پر مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مناواں کینسر ہسپتال کو فعال کرنے کیلئے فی الفور ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں، کینسر ہسپتال میں کیموتھراپی اور سرجری کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر کینسر کا ایک بھی ہسپتال نہیں، سرکاری سطح پر کینسر کے علاج کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کیلئے کوشاں ہیں جہاں غریب اور مستحق مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ ہسپتال کے تمام انتظامی و مالی امور مکمل طور پر کنگ ایڈورڈمیڈیکل کالج یونیورسٹی کے سپرد کر دیئے گئے ہیں، میو ہسپتال کے کینسر وارڈ کو بھی مناواں کینسر ہسپتال میں منتقل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔بلاشبہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب صحت کے شعبے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اس کے مستقبل میں دورس نتائج حاصل ہونگے۔ ہماری رائے میں یہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے اگر حکمران ایسے شعبوں کی طرف توجہ دیں جس کا فائدہ عامہ الناس کو ہو وہ بلاشبہ کار خیر ہے۔ یہ بات حقیقت ہے اور جیسا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بھی کہا ہے کہ پنجاب میں سرکاری سطح پر کینسر کا ایک بھی ہسپتال نہیں ہے اور وہ سرکاری سطح پر کینسر کے علاج کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کیلئے کوشاں ہیں، بلاشبہ یہ ایک اچھی اور مثبت سوچ کی عکاسی ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ صحت کے شعبے میں متحرک ہوکر اس شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ جہاں تک حکومتی ہسپتالوں کی مجومعی کارکردگی کا تعلق ہے، غریب عوام کا سرکاری ہسپتالوں میں عمومی طور پر کوئی پرسان حال نہیں ہوتا غریب اور نادار لوگ علاج کے لئے ایڑیا ں رگرتے پھرتے ہیں اور پھر ایسی بیماریاں جن کا علاج غریب تو کیا اچھے کھاتے پیتے لوگوں کے لئے بھی مشکل یا ناممکن ہوتا ہے ان بیماریوں کے مفت علاج کے اگر کوئی سنجیدہ کوشش کی جاتی ہے تو وہ بلاشبہ قابل ستائش ہے۔مشاہدے میں آیا ہے کہ محسن نقوی نے بطور نگران وزیر اعلیٰ جہاں تعمیرات اور دیگر شعبوں میں خصوصی توجہ دی اور اس کے مثبت نتائج حاصل ہوئے وہاں انہوں نے صحت جیسے اہم شعبے، خاص طور پر بچوں کے ہسپتالوں کی طرف بھی خاص توجہ دی ہے جو ایک مثبت پیشرفت ہے۔ اگلے روز وزیراعلی پنجاب نے رات گئے شدید سردی میں لاہور کے چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اور ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے مین کوریڈور، استقبالیہ کاونٹرز کا معائنہ کیا اور کام کے معیار کو چیک کیا۔اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن کے تحت کاموں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔نگران وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ بجلی اورایئرکنڈیشن کی وائرنگ کے کام میں معیار اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، وائرنگ کے کام کو آئندہ 3 روز میں مکمل کیا جائے۔اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 100 سے زائد ہسپتالوں میں سہولتوں کی بہتری کا ٹاسک 31 جنوری تک مکمل کریں گے، پوری ٹیم دن رات کوشاں ہے، انشااللہ خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا۔ ہماری رائے میں نگران وزیر اعلیٰ کا یہ کہنا بلکل درست ہے کہ ر خلوص نیت سے کی جانے والی محنت کا ثمر عوام کو ضرور ملے گا، کیونکہ کوئی بھی کام جب خلوص نیت، رفائے عامہ اور عوام کی بہتری کے لئے کیا جائے گا اس کے مثبت نتائج ضرور مرتب ہونگے۔ یہ بلا شبہ انسانیت کی خدمت ہے اور اگر تمام سیاست دان اور اعلیٰ بیوروکریسی دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ لیکر کوئی بھی کام کر یں گے،اس کے جہاں دنیا میں اچھے نتائج مرتب ہونگے وہاں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا حصول یقینی ہوگا اور غریبوں کی دعائیں سمیٹنے کا بھی موقع ملے گا۔ یہ حقیقت اپنی جگہ موجود کہ ہمارے ہاں سرکاری ہسپتالوں کی جو مجموعی صورتحال ہے وہ کسی بھی پاکستانی شہری سے پوشیدہ نہیں، تمام تر وسائل اور سہولتوں کی موجودگی کے باوجود اکثر ہسپتالوں کا عملہ غریب اور نادار لوگوں کے ساتھ ان ہسپتالوں میں جو سلوک کرتا ہے وہ کسی سے ڈکھا چھپا نہیں۔ ہماری رائے میں سرکاری ہسپتالوں میں غریب اور نادار لوگوں کے لئے مفت علاج معالجے اور ادویات کی سہولت کا مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری اور ان غریبوں کا حق ہے۔ بلاشبہ مشکل حالات کے باوجود صوبائی اور مرکزی حکومتیں صحت کے شعبے میں ماکول رقم اور فنڈزفراہم کرتی ہیں لیکن یہ رقوم بلآخر کرپشن کی نظر ہوجاتی ہے اور اس فنڈ کا مثبت استعمال غریب کی بجائے کرپٹ مافیا کی جیبوں میں جاتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اگر صرف صحت کے شعبے سے کرپشن کو ختم کرنے اور اس نظام کو موثر بنانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تویہ انسانیت کی بڑی خدمت ہوگی۔ جیسا کے نگران وزیر اعلیٰ نے اظہا ر بھی کیا ہے کہ صوبے کے 100سے زائد ہسپتالوں کی بہتری کا کا م رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہوجائے گا یہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔ اسی طرح سرکاری شعبے میں کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا غریب اور نادار مریضوں کے لئے مفت علاج کے لئے مناواں کینسر ہسپتال کو رواں ماہ کے اختتام پر مکمل کرنے کا عزم بھی ایک اچھی کاوش ہی نہیں بلکہ ایک اچھی کارکردگی کا ثبوت بھی ہے۔ بلاشبہ اگر پنجاب حکومت اس کام کو وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق بروقت مکمل کر لیتی ہے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔ امید کی جا سکتی ہے کہ نگران حکومت اپنے ان منصوبوں کی تکمیل اور غریب عوام کو ان شعوبوں میں ملنے والا ریلیف یقینی بنانے کے لئے موثر اور عملی اقدامات بھی اٹھائے گی تاکہ ان مثبت کا موں کا تسلسل جاری رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں