مرتضی سولنگی 0

ایک سیاسی اور جمہوری حکومت کے قیام اور ملک کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کے لئے بروقت شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے

ایک سیاسی اور جمہوری حکومت کے قیام اور ملک کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے نکالنے کے لئے بروقت شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے

اگلے روزاپنے ایک انٹرویو میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی کا انتخابات کے پرامن انعقاد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے مسائل اتنے سنگین نہیں کہ انتخابات ملتوی کیے جائیں، ماضی میں بھی سیکیورٹی مسائل کے باوجود انتخابات ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان چیلنجز پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ سزا دینے کے پیچھے اصلاح کا تصور ہوتا ہے، تاحیات نااہلی انصاف کے بنیادی اصولوں کے خلاف تھی، سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہے اور ہم اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ اجلاس میں رولز معطل کر کے انتخابات کے التوا کی قرارداد پیش کی گئی، قرارداد میں جن مسائل کی نشاندہی کی گئی وہ مسائل موجود ہیں لیکن اتنے سنگین نہیں کہ انتخابات ملتوی کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے اور انتخابات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت انتخابات کی تاریخ دینے یا تبدیل کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن کا ہے، نگران حکومت کے پاس انتخابات ملتوی کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔مرتضی سولنگی نے کہا کہ سیاستدانوں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، ہم انتخابات پرامن بنانے کے لیے اقدامات کریں گے اور تمام جماعتوں کے تحفظات دور کریں گے۔ہماری رائے میں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا انتخابات کے انعقاد کے حو الے سے عزم کا اظہار بلاشبہ حکومتی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا یہ کہنا کہ سیکیورٹی کے مسائل اتنے سنگین نہیں کہ انتخابات ملتوی کیے جائیں، ماضی میں بھی سیکیورٹی مسائل کے باوجود انتخابات ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان چیلنجز پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں بلکل درست اور واضح حکومتی موقف ہے،جس سے انتخابات کے حوالے سے ابہام اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہونا چائیے، کیونکہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے زور دیکر کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے اور انتخابات 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔ بلاشبہ وفاقی حکومت کے ترجمان کی حیثیت سے وفاق کے نمائندے کا عزم اور واضح اظہارکہ 8فروری2024کو انتخابات کا انعقاد لازمی ہے، اس کے بعد انتخابی عمل پر شکوک وشبہات اور ابہام کا خاتمہ ضروری ہے۔ ہماری رائے میں وطن عزیز پاکستان میں ایک سیاسی اور جمہوری حکومت کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل اور ضروری ہے اور ایسا صرف شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی صورت میں ممکن ہوسکتا ہے۔بلاشبہ ہمارا ملک کسی صورت بھی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ملک سے معاشی اور سیاسی بحران اسی صورت ختم ہوگا جب ایک جمہوری اور سیاسی حکومت شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل کے بعد معرض وجود میں آئے گی۔ بلاشبہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے بیان اور وضاحت ایک مثبت پیشرفت ہے۔اس میں کوئی دورائے نہیں کہ سیکیورٹی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور جہاں تک ہمارے سیکورٹی اداروں کی صلاحیت اور کارکردگی کا معاملہ ہے، ہماری سیکیورٹی فورسزہر قسم کے چیلنجز پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، لہذا سیکورٹی کو مسئلہ بناکر انتخابات کے انعقاد کو موخر یا ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں ہونا چائیے۔ ہماری رائے میں انتخابات کا برقت اور الیکشن کمشن کی طرف سے جاری شدہ شیڈیول کے مطابق مقرر تاریخ پر انعقاد کیا جانا ضروری ہے کیونکہ ایک منتخب جمہوری اور سیاسی حکومت ہی ملک کو معاشی مسائل سے نجات دلانے کے لئے فیصلہ سازی کا اختیا ر رکھتی ہے اور ایک منتخب حکومت بہتر انداز میں ملک کے مفاد میں فیصلے کرنے کی پوزیشن میں ہوگی۔بلاشبہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے جمہوری اور سیاسی حکومت کا وجود انتخابی عمل کے ذریعے ہی ممکن ہوسکتا ہے لہذا انتخابات کا انعقاد یقینی بناکر ہی ملک کو مسائل سے نکالا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں