پی ٹی آئی 0

تحریک انصاف نے عدت کیس میں عدالتی فیصلہ ازدواجی عائلی قوانین پر سنگین حملہ قرار دے دیا

تحریک انصاف نے عدت کیس میں عدالتی فیصلہ ازدواجی عائلی قوانین پر سنگین حملہ قرار دے دیا

تحریک انصاف نے عدت کیس میں عدالت کے فیصلے کو قانون اور ازدواجی و عائلی قوانین پر سنگین حملہ قرار دے دیا۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے ہر ظلم کا بدلہ لیں گے،فیصلہ شرعی احکامات کے منافی، قانون اور ازدواجی و عائلی قوانین پر سنگین حملہ ہے۔

بانی چیئرمین عمران خان کو غلامی پر راضی کرنے جھکانے کیلئے منصوبہ سازوں نے حدود کی توہین کی ہے۔ کپتان نے لاقانونیت کے سامنے سرجھکایا نہ قوم ان کی فرعونیت کو قبول کرے گی ۔غیرشفاف ترین ٹرائل سے پورے نظامِ عدل کا سر شرم سے جھکا دیا گیاہے ۔ سائفر اور توشہ خانہ جیسے مقدمات کے بعد عدت میں نکاح کے کیس کے فیصلے کے ذریعے سیاسی انتقام کا مذموم ایجنڈا آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی ہے ۔

پی ٹی آئی ترجمان نے واضح کیا کہ ظلم اور ناانصافی کا پوری جرات اور بہادری سے سامنا کرتے ہمارے بہادر قائد پر کئے جانے والے ہر ظلم اور ان کے ساتھ روا رکھی جانے والی ہر بے انصافی کا بدلہ 8 فروری کو عوام اپنے ووٹ سے لیں گے۔

پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدت میں نکاح کے کیس میں لگائے گئے الزامات غیر اخلاقی ہیں۔ جس طرح کے فیصلے کی توقع کی جارہی تھی وہی ہوا، میں نے جج صاحب سے کہا آپ سے یہ توقع نہیں تھی،یہ ایک ایسا کیس ہے جس کا نہ سر ہے نہ پاؤں، مولوی نے کہا عون چودھری مجھے خود اٹھا کر لائے۔

تاریخ میں پہلی بار صرف ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو دیکھا گیا، ہمیں الیکشن سے آؤٹ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جوسب کے سامنے ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہم اس ججمنٹ کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے، ہمیں امید ہے انصاف ملے گا، فیصلے میں جس تقریب کا ذکر کیا گیا وہ تقریب دعا کیلئے ہوئی نکاح کیلئے نہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سزا سنانے میں ججز کو جلدی کتنی تھی سب نے دیکھا، بانی پی ٹی آئی کا ورکروں کیلئے پیغام ہے پرامن رہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے میں نے ڈیل نہیں کرنی، ڈیل کرنی ہے تو پاکستان کی ترقی کیلئے کرنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم درخواست دیں گے کہ آپ نے بشری بی بی کو صرف ایک کمرے میں کیوں رکھا، بشری بی بی کو گھر کے باقی کسی حصے میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی جو سراسر زیادتی کے مترادف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں