مقبول بٹ - افضل گورو 0

مقبوضہ جموں وکشمیر: مقبول بٹ شہید کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی مقبوضہ علاقے میں پوسٹر چسپاں:مقبول بٹ ، افضل گورو کو خراج عقیدت

مقبوضہ جموں وکشمیر: مقبول بٹ شہید کی برسی پر مکمل ہڑتال کی جائے گی
مقبوضہ علاقے میں پوسٹر چسپاں:مقبول بٹ ، افضل گورو کو خراج عقیدت

ممتاز آزادی پسند کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی 40ویں برسی پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل (11 فروری) کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔

بھارت نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کرنے پر محمد مقبول بٹ کو 11 فروری 1984 کو نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میت جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دی تھی۔ بھارت نے کشمیریوں کے مسلسل مطالبے کے باوجود شہید رہنما کاجسد خاکی اسلامی طریقے سے تدفین کے لیے تاحال انکے اہلخانہ کو واپس نہیں کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی تنظیموں اور رہنمائوں نے محمد مقبول بٹ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء بھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا اصل اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔
دریں اثنا مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی تصاویر والے پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اتوار (11 فروری) کو مکمل ہڑتال کریں۔

یہ پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں نے چسپاں کیے ہیںاور ان میں درج تحریر میں کہا گیا ہے کہ سرزمین کشمیر کے عظیم بیٹوں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو نے وطن کے بہتر اور تابناک مستقل کیلئے اپنی جانوںکا نذرانہ پیش کیا ، بھارت کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کیلئے عالمی قوانین اور اصولوں کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ،

پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وہ اپنی جدوجہد مقصد کے حصو ل تک جاری رکھیں گے ، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

پوسٹروں کے ذریعے کشمیریوں سے یہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ محمد مقبول بٹ، محمد افضل گورو اور دیگر لاکھوں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے کل دعائیہ اجتماعات کا بھی انعقاد کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں