ریڈیو پاکستان 0

صوتی محاذ پر ریڈیو پاکستان نے قومی ہم آہنگی کے فروغ اور یکجہتی کے لئے ہمیشہ ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے

صوتی محاذ پر ریڈیو پاکستان نے قومی ہم آہنگی کے فروغ اور یکجہتی کے لئے ہمیشہ ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے

اگلے روز ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ریڈیو پاکستان میں انگریزی زبان میں خبرنامہ پڑھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پر خبرنامہ پڑھ کر ایک اہم پیغام دیا کہ حکومت ریڈیو کو ایک اہم ذریعہ ابلاغ کے طور پر دیکھتی ہے،نگران وزیر اطلاعات کا یہ اقدام اس امر کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت ریڈیو نشریات کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے،ریڈیو پاکستان ملک کا سب سے پرانا اور سب سے بڑا نشریاتی ادارہ ہے جس کے مختلف زبانیں بولنے والے وسیع سامعین ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات کا یہ اقدام ریڈیو پاکستان کو ایک قومی نشریاتی ادارے کے طور پر مضبوط اور پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو نشر و اشاعت کو فروغ دینے میں مدد دے گا،وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے پوڈ کاسٹ پروگرام میں بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ حکومت ریڈیو پاکستان کو مضبوط بنانے اور اسے رابطے کا ایک زیادہ موثر اور متحرک ذریعہ بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ حکومت پاکستان میں ڈیجیٹل ریڈیو کی نشریات کو فروغ دینے کے لئے بھی کام کر رہی ہے، ریڈیو پاکستان قومی نشریاتی ادارہ ہے جس کی طویل اور بھرپور تاریخ ہے۔اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ابلاغی محاذ پر ریڈیو ایک موثر اور کارآمد زریعہ ہے،جس کی اہمیت اور افادیت آ ج جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں بھی کم نہیں ہوئی۔ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پرپوری دنیا میں ریڈیو ایک اہم نشریاتی ادارہ ہے۔ جن علاقوں میں آج بھی بجلی ناپید ہے وہاں بھی لوگ ٹرانسسٹر ریڈیو کے ذریعے پوری دنیا کی خبر رکھتے ہیں۔جہاں تک وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا تعلق ہے وہ ایک اعلی پائے کے صحافی ہونے کے علاوہ ایک براڈ کاسٹر اور سب سے بڑھ کر ریڈیوپاکستان کے ڈاریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا یہ کہنا بلکل درست ہے کہ ریڈیو پاکستان نے وطن عزیز میں ہمیشہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں قائدانہ اور اہم کردارادا کیا۔آج نہ صرف ہمارے ملک بلکہ پوری دنیا میں ابلاغی محاذ پر جدید ترقی اور انٹرنیٹ کے باعث پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری میں مثبت اور بے پناہ تبدیلی او ر ترقی یکھنے میں آرہی ہے اور شوشل میڈیا بھی اس وقت عالمی سطح پر افادیت اور اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ جہاں تک ریڈیو پاکستان کا تعلق ہے وطن عزیز میں اس قومی ادارے نے عوام میں شعور اور آگہی پیدا کرنے اور بلاشبہ تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے جو ہماری تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ اس اہم قومی ادارے نے تحریک آزادی کشمیر کو درست انداز اور حقیقی تناظر میں اجاگر اور بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے میں بھی ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کیا ہے۔آزاد کشمیر ریڈیوتراڑکہل سے پاکستان کے خلاف بھارتی پرپیگنڈا کا موثر جواب دینے کے لئے پروگرام میرے وطن، ڈھول کا پول اور دیگر کئی اہم پروگرام اپنی مثال آپ تھے۔ آج افسوس اس سطح کے پروگرام اور اس سطح کے لکھاری بھی ناپید ہوچکے ہیں۔صوتی محاذ پر ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ ایک مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ اس اہم قومی ادارے کی اہمیت اور افادیت اپنی جگہ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ یہ ادارہ اس وقت انتہائی نامساعد حالات سے دوچار ہوکر زوال پزیر ہوچکا ہے۔ مالی بحران کے باعث جہاں اس ادارے کا معیار پہلے جیسا نہیں رہا وہاں ریڈیو ملازمین اور پینشنرز کو کئی کئی مہینے تک واجبات کی ادائیگی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے اکثر ملازمین اور پینشنرز مالی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔ بلاشبہ ایک وقت تھا جب عام لوگ اس اہم قومی ادارے میں خدمات انجام دینے اور نوکری حاصل کرنے کے لئے تگ ودو کرتے تھے کیونکہ اس ادارے کا ماہانہ مشاہرہ دیگر کئی قومی اداروں کی نسبت بہت بہتر تھا۔ ملازمین کو علاج معالجے اور ادویات کی سہولت پی ٹی وی اور پی آئی اے ملازمین کی طرح میسر تھیں، ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے علاج کے لئے ریڈیو پاکستان کئی بڑئے پرائیویٹ ہسپتالوں کے پینل پر تھا،لیکن گزشتہ کئی سالوں سے اس اہم قومی ادارے کی مالی حالت انتہائی نہ گفتہ بہ ہے۔ہماری رائے میں ریڈیو پاکستان جیسے اہم قومی ادارے کو ماضی کی طرح معیاری اور موثر ادارہ بنانے کے لئے وفاقی حکومت ضروری اقدامات اٹھائے۔ بلاشبہ یہ ایک اہم قومی ادارہ ہے اور قومی نقطہ نگاہ سے اس ادارے کا وجود انتہائی اہمیت کا حامل اور ضروری ہے، اس حوالے سے وفاقی حکومت خاص طور پر وزارت اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریڈیو پاکستان کی ترقی اور اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار کرئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں