مشعال ملک 0

انقلابی کشمیری رہنما آزادی پسندوں کے لیے ایک مشعل راہ ہیں، مشعال ملک

انقلابی کشمیری رہنما آزادی پسندوں کے لیے ایک مشعل راہ ہیں، مشعال ملک

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی جیل میں غیرقانونی قید جدوجہد آزادی کشمیر کی سب سے پائیدار آواز محمد یاسین ملک بھارتی غلامی کے طوق کو توڑنے کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کیلئے مشعل راہ ہیں، محمد یاسین ملک کو بھارتی جیلوں میں غیر قانونی قید کے پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں ، انہوں نے جس جرات، استقامت اور بہادری سے اس غیرقانونی قید کا سامنا کیا ہے اس پر محمد یاسین ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔
جمعرات کو ایک بیان میں یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ انقلابی یاسین ملک کو سفاک بھارتی فورسز نے 2019 میں آج ہی کے دن ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا اور انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں جیل بھیج دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر میں انہیں دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقل کر دیا گیا۔ فاشسٹ بھارتی حکومت نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کی سب سے طاقتور آواز کو خاموش کرنے کے لیے انہیں دہشت گردی کے جعلی، غیر سنجیدہ اور من گھڑت مقدمات میں پھنسایا۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ دہلی کی خصوصی عدالت نے یاسین ملک کو انہی فرضی مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی اور اب نریندر مودی کی حکومت نے سیاسی انتقام کی اپنی پالیسی کے تحت موت کی سزا سنانی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یاسین ملک کی صحت کی مسلسل خرابی اور ان کی زندگی کو لاحق خطرات کے باوجود قید تنہائی میں رکھ کر بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، یاسین ملک کے وکیل کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کے جذبے کو توڑنے کےلئے تمام ریاستی جبر کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم ان تمام تر ریاستی دہشت گردی اور فاشسٹ و غیر انسانی کارروائیوں کے باوجود وہ اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی نہیں ہٹے۔مشعال ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس باشعور قیدی کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، جسے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے اپنے لوگوں کے لیے پیدائشی حق حاصل کرنے کے واحد جرم میں غیر قانونی طور پر قید کیا گیا ہے۔
انہوں نے یاسین ملک سمیت تمام کشمیری قیدیوں کو ان کے عزم اور قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کے حقیقی ہیروز قرار دیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کنن پوش پورہ کا المناک واقعہ دنیا کی نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت کے چہرے پر ایک بڑا دھبہ بن کر رہے گا۔ مشعال ملک نےضلع کپواری کے گاؤں کنن پوشپورہ میں ہونے والے اس واقعے کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 23 فروری 1991 کو بھارتی فورسز نے علاقے میں تلاشی کے دوران ایک نوجوان لڑکی کو قتل کیا تھا اور 86 سالہ خاتون سمیت درجنوں خواتین کی سرعام تذلیل کی گئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ اس واقعے کے 33 سال گزرنے کے باوجود مظلوموں کو انصاف نہیں مل رہا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بھارتی ریاست عصمت دری کو کشمیریوں کے خلاف جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ بھارتی حکام کی جانب سے کشمیری خواتین کو تحریک آزادی کی منصفانہ جدوجہد سے دور رکھنے کے لیے ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔ مشعال ملک نے کہا کہ کنن پوشپورہ کا ہولناک واقعہ ہندوستان کے چہرے پر ایک گہرا، انمٹ داغ اور عالمی ضمیر کے لیے کھلا چیلنج ہے۔انہوں نے اس المناک واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے-
اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں