اسلام آباد یونائیٹڈ- پشاور زلمی 0

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے 20 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 29 رنز سے شکست دے دی۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 9 وکٹوں پر 167 رنز بناسکی۔
پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی اور صرف 18 رنز پر ہی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، حنین شاہ اور رومان رئیس نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 80 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ آغا سلمان نے 37 رنز کی اننگ کھیلی،ان کے علاوہ جورڈن کوکس 26 اور اعظم خان 29 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ لیوک ووڈ اور سلمان ارشاد نے ایک ایک وکٹ لی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم نے تبدیلیاں کرتے ہوئے نوین الحق، آصف علی اور حسیب اللّٰہ کی جگہ محمد ذیشان، عامر جمال اور ٹام کوہلر کیڈمور کو شامل کیا۔
یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، کولن منرو، ایلکس ہیلز، سلمان علی آغا، رومان رئیس، نسیم شاہ، فہیم اشرف، عماد وسیم، جارڈن کاکس، اعظم خان اور حنین شاہ پر مشتمل تھی۔

ایونٹ کے گزشتہ میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیتڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں