کو ر کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی قیادت کادہشت گردی کے عفریت کو کچلنے اور آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم قوم کے لئے حوصلے اور تقویت کا باعث ہے
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 263 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا ء کا شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہدا نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دہشت گردی اور عسکریت پسندی کیخلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد مستحکم کرنے کی ہدایت کی، شرکا کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں پر بھارتی جبر پر تشویش کا اظہار کیا۔شرکا کانفرنس نے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی، فورم کے مطابق پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے، ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کیلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔کور کمانڈرز کانفرنس کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کیلئے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، کچھ مخصوص سیاسی عناصر مداخلت کے الزامات کے ساتھ افواج پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا، شرکاء کا کہنا تھا کہ انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، 9 مئی کے منصوبہ سازوں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا۔ہماری رائے میں 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے جس انداز میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اطہار کیا ہے وہ بلا شبہ پاک فوج کی وطن عزیز اوراپنی عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے پاک فوج نے ہمیشہ ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ افواج پاکستان کے جوانوں کی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ آج ہم محفوظ ہیں۔ہماری رائے میں وطن عزیز میں دہشت گردی کی لعنت کے پیچھے بھارت اور افغانستان میں بھارتی نیٹ ورک پوری طرح متحرک ہے۔ پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لئے بھارت دہشت گردوں کو پاکستان میں دہشت گردی، عدم استحکام اور معاشی بحران کے لئے استعمال کرتا ہے۔ بلاشبہ دہشت گردی کے جن کو قابو کرنے اور وطن عزیز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی 263 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا عزم صمیم قابل ستائش اور قوم کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔کور کمانڈرز کانفرنس کا یہ استدلال درست ہے کہ مسلح افواج نے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کیلئے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا، اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ بلاشبہ پاک فوج کا انتخابی عمل میں براہ راست کوئی عمل دخل نہیں ہوتا اور انتخابی عمل کو پرامن بنانااور عوام کو تحفظ فراہم کرنا پاک فوج کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا مظہر ہے۔ بلاشبہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی طرف سے اپنے کشمیریوں اور فلسظینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اورحمایت کا اعادہ قوم کی امنگوں اور خواہشات کی ترجمانی ہے۔ 9مئی کے منصوبہ سازوں، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی، فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والے عناصر کے حوالے سے شرکاء کانفرنس کا مجرموں کوکو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا موقف بھی اصولی ہے، بلاشبہ اس طرح کے واقعات کی کسی طور بھی اجازت نہیں د ی جاسکتی، لہذا ضروری ہوگا کہ ان واقعات میں ملوث افراد اور سہولت کاروں کو پوری تحقیقات اور ثبوتوں کی بنیاد پر انصاف کے تقاضوں اور قانون کے مطابق سزا کا مستحق قرار دیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرات نہ کرسکے۔پاک فوج ایک قومی دارہ ہے اور ملک قوم کی حفاظت،سرحدوں کی نگرانی اور وطن عزیز کے خلاف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں میں ملانا پاک فوج کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کا حصہ ہے وہ اپنے فرائض کما حقہ سرانجام دے رہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ قوم اپنی افواج پر فخر کرتی ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں یہ افواج پاکستان ہی ہیں جو قوم کی پشت پر مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔