وزیراعلیٰ مریم نواز 0

وزیراعلیٰ مریم نواز نے خواتین کے عالمی دن پر وویمن سیفٹی ایپ ”نیور اگین“ کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ مریم نواز نے خواتین کے عالمی دن پر وویمن سیفٹی ایپ ”نیور اگین“ کا افتتاح کردیا

پبلک سروس کمیشن کی جاب میں خواتین کا کوٹہ بڑھا کر 15فیصد، 50فیصد قرضے دینے، پراپرٹی گفٹ پر انتقال فیس نہیں لی جائے گی، جمنیزیم اسٹیڈیم میں اوقات کارمقرر، ڈے کئیرسینٹرز بنائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلانات

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وویمن ڈے کے حوالے سے پنجاب کی خواتین کے لئے بڑے اعلانات کئے اورخواتین کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے انٹرنیشنل وویمن سیفٹی ایپ ”نیوراگین“کا افتتاح بھی کیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین پولیس اور دیگر افسروں کو سٹیج پر ساتھ کھڑا کرکے خطاب کیا۔ وویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں خواتین کے جاب کوٹہ کو 10سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کیا اور ہر محکمے میں خالی آسامیوں پر خواتین کی بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ورک پلیس پر ڈے کئیر سینٹرز بنانے کے لئے ایک ارب روپے کا فنڈ مختص کیا جائے گا۔ورکنگ وویمن کے لئے ہوسٹلز بنائے جائیں گے۔ خواتین کے لئے پیڈ انٹر ن شپ شروع کی جائے گی۔

آن لائن بزنس کے لئے خواتین کو 50فیصد قرضے دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اعلان کیا کہ بورڈ آف ریونیو بیٹیوں کے حصہ کا تعین کرکے ورثہ کو جائیداد منتقل کرے گا۔بہن اور بیٹی کو پراپرٹی گفٹ کرنے پر انتقال فیس نہیں لی جائے گی۔ 3دن میں ورکنگ وویمن کے لئے میٹرنٹی لیو منظور کرنے کا قانون بنایا جائے گا۔

جمنیزیم اور سٹیڈیم میں خواتین کے لئے الگ جگہ اور اوقات کار مقررکیے جائیں گے۔ حکومتی اداروں میں خواتین کے لئے الگ واش رومز اور نماز کے لئے جگہ مختص کی جائے گی۔رائیڈر بالخصوص لڑکیوں کو پنک بائیک د ی جائیں گی اور تحفظ کے لئے قانون سازی ہوگی۔یونیورسٹی فیس واپسی میں خواتین کا تناسب 50 سے 70 فیصد ہوگا۔ انٹرنیشنل سکالر شپ میں خواتین کا تناسب 50سے 70 فیصد ہوگا۔ پنجاب بھر میں دستکاریوں کے فروغ کے لئے صنعت زار کو بحال کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب بھر میں کمسن بچیوں کی گھریلو ملازمت کے سدباب کے لئے سخت قانون سازی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ماں با پ بیٹیوں کو اعتماد،اعتبار اور مواقع دیں۔بیٹی یا بہن انجینئر یا ڈاکٹر بننا چاہتی ہے تو اسے بننے دیا جائے۔ بیٹی پڑھنا چاہتی ہے یا کھیلنا چاہتی ہے تو اسے آگے آنا کا موقع ملنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کا اعزاز دیا ہے۔ وزرت اعلیٰ کا اعزاز صرف میرا نہیں بلکہ ہر ماں،بیٹی اور بہن کا ہے۔ یہ اعزاز ہر اس مردکاہے جو اپنی خواتین کو آگے بڑھتے دیکھنا چاہتے ہیں۔میر ی خواہش ہے کہ وزرات اعلیٰ پر خاتون کے فائز ہونے کاسلسلہ جاری رہے۔

انہوں نے کہاکہ سیکرٹری وویمن ڈیپارٹمنٹ خواتین کا عالمی دن منانے کے لئے بہترین انتظامات کیے ہیں، آپ کا شکریہ کہ دل کی باتیں خواتین سے کرنے کا موقع دیا۔میں سمجھتی ہوں کہ خواتین کا صرف 8مارچ دن نہیں ہے بلکہ سال کے 365 دن ہی خواتین کے ہیں۔ گھر میں بیٹھی خواتین جو بغیر شکایت کیے دن رات کام کرتی ہیں وہ ہماری اصل ہیروز ہیں، ہر دن ان کا ہے۔

ورکنگ وویمن جو گلاس سیلنگ اور نفسیاتی حد عبور کرکے محنت کرتی ہیں ان کو سلام پیش کرتی ہوں۔ وزیر اعلیٰ آفس سے آتے ہوئے دیکھا کہ میرے آگے تینوں پائلٹ آفیسر خواتین ہیں۔پائلٹ آفیسر، صباء، عروسہ اوراسماء کے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

سی ٹی او لاہور عمارہ اطہرایک ذہین خاتون ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر ٹریفک کے مسائل حل کے میں بہت فائدہ مند کردار ادا کررہی ہیں۔خواتین ٹریفک وارڈن ہمارے قافلے کو لیڈ کررہی ہیں۔ ایس ایس پی انوش، اے ایس پی سدرہ خان اور شازیہ کو سٹیج پر بلا کر خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گی۔خواتین ہر جگہ پر کمال کا کام کررہی ہیں، مجھے دیکھ کر فخر ہوتا ہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری ہماری ایم این ایز اور ایم پی ایز سب قابل فخر انداز میں فرائض سرانجاد دے رہی ہیں۔ایک خاتون کو اپنا لوہا منوانے کے لئے مرد سے دو گنا زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔

مجھے بھی مسلم لیگ ن میں 12سے13سال سخت محنت کرنی پڑی اور ایسے ہی مسائل کا سامنا رہا۔ ہرماں، بہن اور بیٹی کے لئے پیغام ہے کہ عورت ہونا آپ کے خواب میں رکاوٹ نہیں ہوسکتا۔مجھے بہت فخر ہے آپ سب خواتین پر۔ خواتین خصوصاً بچیاں اگر سکول، کالج اور یونیورسٹی میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں توان کے گھروں والوں کو مکمل ساتھ دینا چاہیے، حکومت معاونت کرے گی۔خواتین میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے جسے ملکی ترقی کے لئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ماں باپ اور بھائی، اپنی بیٹوں اور بہنوں کو پر اعتماد بنائیں تاکہ بیٹوں کی طرح بیٹیاں اپنے والدین کا نام روشن کر سکیں۔

تقریب میں امریکن قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز کی خصوصی شرکت کی۔سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب، ارکان اسمبلی،آئی جی،حکومت پنجاب اور پولیس کی لیڈی افسران کی بہت تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں