سارک چیمبر کے کی آصف علی زرداری کو صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد
پالیسیوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکومت پالیسی سازی میں تمام شراکتداروں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے گی
کئی دہائیوں کی سیاسی محاذ آرائی اور عدم استحکام نے ملک کو بے یقینی اور معاشی ابتری کے سوا کچھ نہیں دیا
سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے آصف علی زرداری کو دوسری مدت کے لیے صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے تہینتی پیغام میں کہا ہے کہ نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ان کی قریبی ہم آہنگی کی بنا پر ملک بھر میں سیاسی و معاشی استحکام اور ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہو گا۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مفاہمت اور ہم آہنگی میں ہی ملک کو موجودہ معاشی چیلنجز سے نکال کر روشن مستقبل اور پائیدار ترقی کی جانب سفر کے آغاز کی امید پنہاں ہے۔
ان کی قیادت میں پاکستان گھمبیر چیلنجز پر قابو پانے اور خطے میں خوشحالی و ترقی کی کرن بن کر ابھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔افتخار علی ملک نے کہا کہ کئی دہائیوں کی سیاسی محاذ آرائی اور عدم استحکام نے ملک کو بے یقینی اور معاشی ابتری کے سوا کچھ نہیں دیا اور اب جبکہ سیاسی مفاہمت، روا داری اور برداشت کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت، عزم اور وژن اور صدر آصف علی زرداری کے ساتھ قریبی ہم آہنگی ملک میں خوشحالی و ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو گی۔ تمام شراکت داروں کے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے سے بلاشبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پوری تاجر برادری ملک کو درپیش معاشی چیلنجزکے خاتمہ کیلئے موجودہ اتحادی حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہے اور اس امید کا اظہار کرتی ہے کی اچھی حکمرانی غیر ملکی و مقامی سرمایہ کاروں اور تاجروں کا اعتماد بحال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے دونوں رہنماؤں کو تاجر برادری کی جانب سے مکمل تعاون حاصل ہو گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پالیسیوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے حکومت پالیسی سازی میں تمام شراکتداروں کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے گی۔