چوہدری لطیف اکبر 0

بھارت اور اسرائیل دہشتگردی کو فروغ دے کر دنیا بھر کا امن غارت کرنا چاہتے ہیں،چوہدری لطیف اکبر

بھارت اور اسرائیل دہشتگردی کو فروغ دے کر دنیا بھر کا امن غارت کرنا چاہتے ہیں،چوہدری لطیف اکبر
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی رپورٹ پر عملدرآمد ناگزیر ہے، اسپیکرآزادکشمیر

اسپیکر قانون ساز اسمبلی سینئر پارلیمنٹیرین اور ممتاز کشمیری رہنما چوہدری لطیف اکبر نے بھارت کی جانب سے انسانیت سوز اور مسلمان دشمنی، مذہبی عداوت پر مبنی کالے قوانین کے نفاذ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اقوام متحدہ او آئی سی یورپی یونین سمیت با اثر ممالک سے فوری کردار ادا کرنے کا پرزور مطالبہ کر تے ہوئے کہاہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پانچ اگست دو ہزار انیس کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت اور شہریت کے قانون میں ترمیم کر کے آرٹیکل تین سو ستر اور دفع پینتیس اے کا خاتمہ کردیا تھا،بھارت نے اگر توسیع پسندانہ عزائم اور اکھنڈ بھارت کی پالیسیاں ترک نہ کیں تو دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان مذہبی جنونیت کا آتش فشاں لاوا پھٹنے سے عالمی امن ریزہ ریزہ اور تہذیبوں کے درمیان ٹکراؤ کے خدشات بڑھ جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے بھارت کی جانب سے مسلمانوں کو شہریت دینے کیلئے گیارہ سال کی شرط اور پردادا کا ڈومیسائل لانے کو لازمی قرار دینے کے قانون کے نفاذ پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل دونوں قابض ممالک ہیں جو دہشتگردی کو فروغ دیکر دنیا بھر کا امن غارت کرنا چاہتے ہیں،لہٰذا اس بھیانک چالوں اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف دنیا اپنے وجود کا احساس دلائے۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ بھارت آٹھ لاکھ قابض افواج کے ذریعے عوام کو اپنے جابرانہ قبضے میں نہیں رکھ سکتا،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور اسرائیل وزیراعظم نیتن یاہو نہتے پرامن انسانوں کی خونریزی میں سر تا پا ڈوبے ہوئے ہیں۔

چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں انسانیت کے رشتوں کو پروان چڑھانے کیلئے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو،دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے دنیا کے ہر فورم پر انسانیت کو ترجیحات میں شامل رکھا اور دہشتگردی لا قانونیت کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت معروف کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی رپورٹ پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں قائم ہونے والی اتحادی حکومت صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں قومی خواہشات کے مطابق پالیسیاں دینے میں کامیاب ہو جائے گی،اس لئے بھارتی مظالم کالے قوانین کے نفاذ پر بھارتی سیکولر ازم اور جمہوری چہرہ بے نقاب کرنے کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر کے غیر ملکی سفیروں اور عالمی میڈیا کو مدعو کر کے اسکی دہشت گردی کے دستاویز شواہد پیش کر کے ان پر ٹائم فریم کی پابندی پر زور دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارا ترجمان اور افواج پاکستان کشمیریوں کا مان ہے،اہل کشمیر پاکستان پر فدا ہوتے ہوئے کلمہ طیبہ کا ورد کر کے انے والی نسلوں میں نظریاتی رشتوں کو منتقل کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں