عطا اللہ تارڑ 0

امریکی کانگریس کمیٹی نے آج پی ٹی آئی کا ”سائفر ڈرامہ“ بے نقاب کر دیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی آج سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، ان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، عطا اللہ تارڑ

امریکی کانگریس کمیٹی نے آج پی ٹی آئی کا ”سائفر ڈرامہ“ بے نقاب کر دیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی آج سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، ان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، عطا اللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ امریکی کانگریس کمیٹی نے آج پی ٹی آئی کا ”سائفر ڈرامہ“ بے نقاب کر دیا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی امریکہ کی کانگریس کمیٹی میں سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں، ان کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے، انہوں نے پوری قوم کے سامنے جھوٹ بولا، عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے سیاسی بیانیہ کو فروغ دینے کے لئے ریاست کو بھی دائوپر لگایا، آج پوری دنیا میں وہ خود رسوا ہو رہے ہیں۔
بدھ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ریاست کے مفاد پر اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا بہت کم ہوا ہے کہ کوئی سیاسی لیڈر اپنی ذاتی انا کی تسکین کے لئے قومی مفاد کو دائو پر لگا دے اور پوری قوم سے جھوٹ بولتے ہوئے ایک ایسا بیانیہ بنائے جس میں رتی برابر بھی حقیقت نہ ہو۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جھوٹ کا ہمیشہ انجام برا ہوتا ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسہ میں سائفر لہرا کر قوم کو گمراہ کیا تھا اور جھوٹ بولا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی امریکی سازش ہوئی ہے، میں ان کے اس عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے دو سالوں سے یہ کہہ رہے تھے کہ بانی چیئرمین جھوٹ بول رہے ہیں، بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں، ان کی سیاست دوہرے معیار اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ آج کانگریس کی کمیٹی کی جو سماعت ہوئی، وہ پی ٹی آئی نے لابنگ فرم ہائر کر کے یہاں تک پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے ڈونلڈ لو پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ہمارے سفیر اسد مجید کو بلا کر کہا کہ ہم آپ کی حکومت گرا دیں گے، آج اسی ڈونلڈ لو نے کہا کہ سائفر کی کہانی سراسر جھوٹ تھی، ایسی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی ایسا سوچا جا سکتا ہے۔
ڈونلڈ لو نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں جو بھی حکومت ہوتی ہے اس سے ہمارے اچھے تعلقات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لابنگ فرمز ہائر کر کے کانگریس کی کمیٹی کی سماعت رکھوائی لیکن یہ اللہ کے کام ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری قوم سے جھوٹ بولا، پاکستان کے بین الاقوامی سطح پر تعلقات کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور آج خود جھوٹے ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ یہی کہتے آئے ہیں کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، سیاست بعد میں ہے لیکن بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کو چمکانے اور اپنے سیاسی مفادات کے لئے قومی مفادات کو دائو پر لگایا اور آج پوری دنیا کے سامنے رسوا ہو رہے ہیں۔ آج ان کی رسوائی پوری دنیا کے لوگوں نے دیکھی ہے۔ آج ڈونلڈ لو نے انہیں کانگریس کی کمیٹی کے سامنے جھوٹا قرار دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے آج کانگریس کمیٹی کی سماعت کے دوران شور مچایا تو انہیں کمرے سے باہر نکال دیا گیا کیونکہ وہاں یہ من مانی نہیں ہو سکتی، یہ شور نہیں مچا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہم کوئی غلام ہیں کا بیانیہ تشکیل دیا اور آج ان کے اس بیانیہ کا تیا پانچا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سابق چیئرمین پی ٹی آئی سرٹیفائیڈ جھوٹے ثابت ہو گئے ہیں، پوری قوم اور دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ کانگریس کی کمیٹی میں انہیں جھوٹا کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو نے سائفر کے پورے بیانیہ کو جھوٹ قرار دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈونلڈ لو نے پانچ ہزار آزاد مبصرین کا بھی ذکر کیا جنہوں نے الیکشن کے عمل کا جائزہ لیا، ڈونلڈ لو نے یہ بات بھی کی کہ پاکستان میں خواتین کو بہت سی جگہوں پر امریکہ کے مقابلے میں زیادہ حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کے ذہنوں کو گمراہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا گھنائونا اور مکروہ چہرا پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ملک کو بدنام کرنے کی سازش کی، انہوں نے نوجوان نسل کے ذہنوں کو زہر آلود کیا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ ہمیشہ بے نقاب ہو کر رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہاں پاکستان کو بدنام کرنے گئے تھے لیکن یہ اللہ کا نظام ہے کہ ان کی اپنی رکھوائی ہوئی سماعت میں یہ خود جھوٹے اور منافق ثابت ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے قومی مفاد کی خاطر کھڑے ہیں، ہم انشاءاللہ قومی سلامتی اور قومی مفاد کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جھوٹا اور منافق شخص ہے جس کی زبان سے سچ ادا نہیں ہوتا، اس کے قول و فعل میں ہمیشہ تضاد رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سرخرو ہوئے ہیں، جو بات ہم پچھلے دو سالوں سے کر رہے تھے وہ آج سچ ثابت ہوئی ہے، اس کی گواہی پوری قوم اور دنیا نے دیکھی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سائفر کا یہی کیس تھا کہ انہوں نے جھوٹ بولا اور غلط بیانی سے کام لیا۔ سائفر کے کیس کی سماعت چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر کی آڑ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے دشمنوں کو فائدہ اور پاکستان کی ریاست کو نقصان پہنچایا۔ اس کے مطابق انہیں سزا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی کمیٹی کے پاس یہ خود گئے، انہوں نے سوچا ہوگا کہ وہاں سے کوئی ایسا بیان آئے گا جس سے انہیں کوئی مدد ملے گی، لیکن جب نیت انسان کی خراب ہو تو انجام بھی برا ہوتا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایسے لوگ جو حکومت کے اہم عہدوں پر تعینات تھے اور حکومت جاتے ہی بیرون ملک بھاگ گئے، آج وہ آئی ایم ایف کے باہر احتجاج کر کے کہہ رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کو رہا کرو بصورت دیگر پاکستان کی امداد نہ کریں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے غریب عوام کی امداد بند کرنا چاہتے ہیں۔ جب ان کا لیڈر سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دے دیا گیا تو اب انہیں تھوڑا سا لحاظ کرنا چاہئے۔
ان کے لیڈر پر 190 ملین پائونڈ کرپشن کیس، توشہ خانہ کرپشن کیس، سائفر کیس درج ہے اور آج امریکہ کی کانگریس کی کمیٹی کے سامنے بھی جھوٹے قرار دیئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہونے سے غیر یقینی کی صورتحال ختم ہو جاتی ہے، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، سٹاک مارکیٹ میں تیزی آتی ہے، یہ ساری مثبت چیزیں ہیں، اس پر وزیر خزانہ مزید روشنی ڈالیں گے۔

بشکریہ: اے پی پی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں