صدرآزادجموں وکشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری 0

کشمیری پاکستان کو اپنے لیے مقدس سرزمین سمجھتے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

کشمیری پاکستان کو اپنے لیے مقدس سرزمین سمجھتے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری
یوم پاکستان پر ہم بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جہدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بر صغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک ایسے علیحدہ وطن کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا جہاں وہ اپنی زندگی اپنے اسلامی اقدار، روایات انصاف، برابری اور آزادی سے گزار سکیں۔ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، کشمیری پاکستان کو اپنے لیے مقدس سرزمین سمجھتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کے باوجود بھارتی سنگینیوں کے سائے تلے کشمیری جوان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاکر پاکستان سے اپنی کمٹمنٹ کا اظہار کرتے ہیں۔23مارچ1940 کا دن اہل پاکستان اور ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور اہل کشمیر کے لیے اس اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ 23مارچ1940کے دن لاہور میں ہونیو الے تاریخ ساز اجتماع میں اہل کشمیرکے نمائندگان نے بھی شرکت کر کے مصور پاکستان و شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کے خواب کی تعبیر کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنی سیاسی منزل اور مستقبل کا تعین کیا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے مو قع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔ صدرریاست آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کے دن ہم بانیان پاکستان کی قربانیوں اور جہدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر ان نظریات پر کاربند رہنے کا عزم کرتے ہیں جو نظریہ پاکستان کی بنیاد ہیں۔ ہم یقین محکم پر کاربند رہتے ہوئے متحد ہوں اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت سے کام کرنے کا عزم کریں تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں