ملک کے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، آصف علی زرداری
ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے، صدر مملکت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں پاکستان میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے حوالے سے ایوان صدر میں ہونے والے اجلاس کے دوران کیا۔ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی (پی جی جے ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور سینئر سرکاری افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ عالمی جواہرات اور زیورات کی مارکیٹ میں داخل ہونے کے لئے پاکستان کی قیمتی پتھروں کی مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ اور تشہیر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جواہرات اور زیورات کے شعبے میں ترقی کی بڑی صلاحیت ہے، ملکی ترقی کیلئے جیمز اور جیولری کے شعبے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، جیمز اور جیولری میں سرمایہ کاری کیلئے غیر ملکی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔صدر مملکت نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری سے ملکی معیشت بہتر بنانے، مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع کھولنے میں مدد ملے گی۔ آصف علی زرداری نے جواہرات اور جیولری کے شعبے میں تنوع لانے اور صنعتوں کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ مقامی افرادی قوت کی تربیت اور ہنر مندی میں اضافے پر توجہ دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملکی جواہرات اور جیولری کے شعبے کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی، قابلِ قدر مصنوعات کی برآمدات سے پاکستان قیمتی زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ پی جی جے ڈی سی کے سی ای او نے اجلاس کو جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لئے سٹرٹیجک پلان کے بارے میں آگاہ کیا اور اس سلسلہ میں مختلف چیلنجز اور مواقع کو اجاگر کیا