چوہدری انوارالحق 0

. پسے ہوئے طبقات کی کفالت اور ریاست سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے. چوہدری انوار الحق

. پسے ہوئے طبقات کی کفالت اور ریاست سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے. چوہدری انوار الحق

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے. پسے ہوئے طبقات کی کفالت اور ریاست سے غربت کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے. نیلم سے لے کر چھمب تک ایک ہی قانون کی حکمرانی ہوگی. آزادکشمیر سے غربت کے خاتمے کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کے تحت بلاتخصیص بیواؤں, یتیموں, طلاق یافتہ, عمررسیدہ اور معذور افراد کو ان کی دہلیز پر مالی امداد فراہم کی جائے گی.

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے گذشتہ روز حلقہ کوٹلہ کے دورہ کے دوران وزیروائلڈ لائف فشریز اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سردار جاوید ایوب کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر وزراء حکومت سردار جاوید ایوب, میاں عبدالوحید اور جاوید اقبال بڈھانوی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزراء حکومت چوہدری اظہر صادق, سردار میر اکبر خان, فیصل ممتاز راٹھور, نثار انصر ابدالی, خواتین, پیپلز پارٹی کے کارکنان اور حلقہ کوٹلہ کے عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں ناانصافی ہو تو وہ معاشرہ کبھی بھی صحیح طریقے سے نہیں چل سکتا. انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا عزم لے کر آیا ہوں اور اس مشن کی تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لاؤں گا.

وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن, بددیانتی کو جڑ سے ختم کرنا ہے تاکہ ریاست میں قانون و انصاف اور میرٹ قائم ہو. انہوں نے کہا کہ ریاست کے غریب عوام کی خدمت, ان کی فلاح و بہبود اور خطہ سے غربت کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹورازم اور روڈز انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ ٹورازم کو فروغ ملے اور عوام کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں. انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کو ایک فعال ادارہ بنا دیا ہے اب ایک غریب آدمی کا بچہ بھی میرٹ پر بھرتی ہو سکتا ہے. وزیراعظم نے کہا کہ ایک برباد حال نظام کو بہتر کرنے میں وقت تو لگتا ہے. انشاء اللہ اب سب کچھ بہتر ہوگا.

انہوں نے کہا کہ درختوں پر پابندی عوام کے مفاد میں ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کیلئے لگائی ہے. لیکن متبادل فیول کا بندوبست بھی حکومت کی ذمہ داری ہے. انہوں نے کہا کہ جب تک اختیار ہے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے استعمال کروں گا. وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے اپنے غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کیا ہے اور معاشرے کے بے کس افراد کی کفالت کے لیے فنڈ قائم کیا ہے.

سردار جاوید ایوب نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو حلقہ کوٹلہ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں ریاست میں گڈگورنینس, تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ملکر کام کریں گے. انہوں نے کہا کہ چوہدری انوارالحق تمام جماعتوں کے وزیراعظم ہیں. انہوں نے کہا کہ تمام حلقوں میں بلاتخصیص فنڈز تقسیم کئے گئے ہیں. سردار جاوید ایوب نے کہا کہ سیاحت, ہائیڈل پاور اور روڈ انفراسٹرکچر پر توجہ دے رہے ہیں اس سے ٹورازم کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے.

انہوں نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے اور عوام کی خدمت کا مشن لے کر آگے بڑھے گی. جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف جو لوگ سازشیں کر رہے ہیں ان کو پتہ ہونا چاہئے کہ ان کی سازشیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گی.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے اقدامات قابل تحسین ہیں اور ہم وزیراعظم کے شانہ بشانہ ریاست کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں