شکست غداروں کا مقدر ہے، رپورٹ
اقوام متحدہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادکاری کے نوآبادیاتی ایجنڈے سے روکے، حریت کانفرنس
کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز پر آبادکاری کے نوآبادیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد سے روکے اور مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کی املاک چھیننا، انہیں زمینوں سے بے دخل اور ملازمتوں سے برطرف کرنا مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری آبادکاری کی نوآبادیاتی مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے غیر کشمیری ہندوؤں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کررہی ہے۔
دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کی سربراہی میں قائم ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں صاحب ثروت کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بے گھر افراد، شہداء کے ورثا، یتیموں، محتاجوں اور جیلوں میں بند سیاسی کارکنوں کے اہلخانہ کی بھر پور مالی مدد اور انہیں عید کی خوشیوں میں بھر پور طریقے سے شامل کریں۔
مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی بھارتی حکومت کے ایک ٹریبونل نے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی پر پابندی کی توثیق کر دی ہے۔بھارتی وزارت داخلہ نے ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کو اکتوبر 2023 میں کالے قانون یو اے پی اے کے تحت ایک غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔
کشمیری سول سوسائٹی کے اراکین ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین نے سرینگر میں اپنے میڈیا انٹرویوز میں کہا کہ کشمیری عوام بی جے پی اورآر ایس ایس کی کٹھ پتلیوں کوکبھی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کشمیر میں اپنے مسلم مخالف ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی کٹھ پتلیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ انہیں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے ساتھ ہاتھ ملانے والے تحریک آزادی کے غدار ہیں اور برا انجام انکا مقدر ہے۔
ادھر ضلع بارہمولہ میں بھارتی پیراملٹری فورس کا ایک کانسٹیبل رتو منی چیک پوسٹ پر مردہ حالت میں پایا گیا۔
بھارتی پنجاب کے علاقے بالاچور میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم حملہ آوروں نے آج ایک سابق سکھ عسکریت پسند رتندیپ گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔