وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سالڈ ویسٹ کی تلفی، صاف، شفاف اور آلودگی سے پاک پنجاب بنانے کے لیے اقدامات ایک مثبت پیشرفت ہے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے،کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم آؤٹ سورس کرنے کے لئے مجوزہ معاہدے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرانسفر سٹیشن پر نامیاتی، غیر نامیاتی، آئرن اور پلاسٹک ویسٹ کی چھانٹی کی جائے گی، صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر 23 لینڈ فل سائٹس اور 66 ٹرانسفر سٹیشن بنائے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام نافذ کرنے کی منظوری دے دی جبکہ فنانشل شیئر اور سبسڈی لینے والی واسا کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر ذیشان رفیق کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کا بھی حکم دیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سڑکوں اور بازاروں میں کوڑا کرکٹ نہیں نظر آنا چاہیے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیوں کو بھی صاف ستھرا رکھا جائے، صفائی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ہماری رائے میں صاف اور شفاف پنجاب بلکہ پاکستان بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کاویژن ایک اچھی اور مثبت پیشرفت ہے۔بلاشبہ سالڈ ویسٹ کی موجودگی میں اور اسے درست انداز میں تلف نہ کرنے سے جہاں گندگی پھیلتی ہے وہاں بیماریاں بھی اپنا رنگ دکھاتی ہیں۔ سالڈ ویسٹ کو تلف کرنے کے لئے صوبے بھر میں کوئی خاص انتظام اور سائٹس کی عدم موجودگی کے باعث گندگی اور وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہمیشہ رہتا ہے جو ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔ہماری رائے میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی اس حوالے ہدایات کی روشنی میں اگر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تو شہروں کی گلیوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر نظر نہیں آئیں گے۔ ایک صاف شفاف اورآلودگی سے پاک ماحول عوام کی صحت کا ضامن ہے۔ اس حوالے سے مانیٹرنگ اور چیک اینڈ بیلنس کا بہتر نظام اگر یقینی بنایا جائے اوران فیصلوں پر من وعن عمل درآمدکیا جائے تو بلا شبہ مثبت نتائج کا حصول ممکن ہے۔ اس حوالے سے ضروری ہوگا جہاں حکومت سالڈ ویسٹ کی موثر انداز اور حفظان صحت کے اصولوں کو مد نظر رکھ کر تلفی کے انتظامات کرئے گی تو ضروری ہوگا کہ عوام میں شعور اور آگئی پیدا کرنے کے لئے مہم بھی شروع کی جائے تاکہ لوگوں کو اس بات کی تعلیم اور تربیت دی جاسکے کہ وہ سڑکوں، گلیوں، پارکوں، مارکیٹوں اور دیگر پبلک مقامات پر گندگی پھینکے سے گریز کریں اور اپنے شہروں اور ملک کو صاف اور شفاف بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تو یہ ملک آلودگی اور گندگی سے پاک ہو سکتا ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ لوگ پارکوں اور پبلک مقامات پر لٹر(بن) گندگی ڈالنے والی توکری کی موجودگی میں بھی کوڑا گند وغیرہ باہر پھینکے ہیں جو اچھی عادت نہیں اس حوالے سے عوام کو باقاعدہ تربیت اور شعور کے لیے آگئی مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ہماری رائے میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کا سالڈ ویسٹ مینجمٹ کے حوالے ضروری اقدامات اور ہدایات ایک مثبت پیشرفت اور بہتری کی علامت ہے۔ امید کی جاسکتی ہے کہ واسا اور دیگر متعلقہ ادارے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں کماحقہ ادا کرنے میں پیش پیش رہیں گئے تاکہ نا صرف صوبہ پنجاب بلکہ پورا ملک صاف اور شفاف، آلودگی، گندگی اور بیماریوں سے پاک ہوجائے اور عالمی سطح پر بھی پاکستان کی ایک مثبت تصویر جائے۔