مودی کی قیادت میں بھارت ایک بدمعاش دہشت گرد ریاست بن چکا ہے: رپورٹ
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اشتعال انگیزبیان سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ مودی کی قیادت میں بھارت ایک بدمعاش دہشت گرد ریاست بن چکا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ بھارت پاکستان میں لوگوں کو قتل کروارہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیان نے مودی حکومت کے اصل چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکمران عادتا نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لیتے ہیں اور انتخابی فوائد کے لیے قوم پرستی کے جذبات کو ہوا دے رہے ہیں ۔ رپورٹ میںکہا گیا کہ مودی حکومت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچارہاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا پاکستان کے اندر مزید شہریوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کی تیاری کا دعویٰ واضح طور پر اعتراف جرم ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ پاکستان پہلے ہی دنیا کو پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کر چکا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے غیر ملکی سرزمین پر مخالفین کو قتل کرکے بین الاقوامی قانون کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی کا بھارت اپنے مذموم اقدامات اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کو راج ناتھ سنگھ کی نفرت انگیز بیان بازی کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو اس کے گھنائونے اور غیر قانونی اقدامات پر جوابدہ ٹھہرانا چاہیے اور مودی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑاکرناچاہیے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت پوری انسانیت کے لیے خطرہ ہے اور یہی وقت ہے کہ مودی حکومت کی فسطائی ذہنیت کو پرکھاجائے، اس سے پہلے کہ وہ دنیا بھر میں مزیدزندگیوں کے لئے خطرہ بنے۔