چوہدری انوارالحق 0

اسلام، آئین اور عالمی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،چوہدری انوار الحق

اسلام، آئین اور عالمی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،چوہدری انوار الحق
اسلام محنت کی عظمت پر مکمل یقین رکھتا ہے، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ،مزدوروں کی صحت،حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں،وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اسلام، آئین اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔

یوم مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ اسلام محنت کی عظمت پر مکمل یقین رکھتا ہے، ارشاد نبوی ﷺہے کہ مزدور کی مزدوری اس کا پسینہ خشک ہونے سے قبل دی جائے۔اس حدیث مبارکہ سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام محنت کی اہمیت کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد ہے جن کی قربانیاں اب عالمی تحریک بن چکی ہیں، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا میں مزدوروں کی پہلی منظم تحریک جو 1865 میں سری نگر سے شروع ہوئی اور اس تحریک کو دبانے کے لیے ڈوگرہ فورسز نے کم ازکم 28 مزدوروں کو قتل اور سینکڑوں کو زخمی کیا کو بھی یاد کیا جانا چاہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم کردار ریشم خانہ کے مزدوروں کی جدوجہد کا بھی تھا ان کو بھی یاد رکھا جانا چاہئے۔ آزاد کشمیر حکومت ایسے تمام طبقات جو بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ان کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ بنیادی صحت اور محکمہ تعلیم میں اصلاحات سے بھی مزدور طبقہ کو فائدہ ہو گا۔ آزاد کشمیر میں مزدوروں کے استحصال کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور جہاں بھی اس طرح کی کوئی روپورٹ ملی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی کم ازکم اجرت، کام کے سازگار ماحول، ان کی صحت کی سہولیات اور ان کے حقوق کے ثحفظ کے لیے جہاں ضروری ہوا قانونی اور انتظامی اصلاحات کی جائیں گے۔ لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ چوہدری انوارالحق نے کہا کہ رزق حلال کمانے والے اس معاشرہ کے قابل فخر لوگ ہیں اور ان لوگوں کی بدولت پی قومیں ترقی کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں