آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر 0

اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ ،دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں،آرمی چیف

اپنی آئینی حدود سے بخوبی آگاہ ،دوسروں سے بھی پاسداری کی توقع رکھتے ہیں،آرمی چیف
پاکستانی آئین میں آزادی اظہار کی حدود متعین کی گئی ہیں،آزادی اظہاررائے کی خلاف ورزی کرنیوالے دوسروں پرانگلیاں نہیں اٹھاسکتے
ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا،کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی
کیڈٹس جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کے لئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں ،جنرل عاصم منیر کا پاسنگ آ ئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب
پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب میں آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سے نوازا

رسالپور: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں، پاکستانی آئین میں آزادی اظہار کی حدود متعین کی گئی ہیں ،آزادی اظہاررائے کی خلاف ورزی کرنیوالے دوسروں پرانگلیاں نہیں اٹھاسکتے ، ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا،کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

جمعرات کو آرمی چیف نے ایئر فورس اکیڈمی رسالپور میں پاسنگ آ ئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مزین زندگی گزاریں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لئے بھی غیرمعمولی ہوگا۔ آرمی چیف نے پاس آئوٹ کیڈٹس سے مزید کہا کہ آپ توقع کی جاتی ہے کہ آپ مادر وطن کے دفاع اورعزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے، عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار اور اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادیِ رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی برملا پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی آئین کی پاسداری کو مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلحے کی دوڑ سے ہمارے خطے میں طاقت کا توازن بھی بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایک مضبوط فضائیہ کے بغیر ملک کسی بھی جارح کے رحم و کرم پر ہوتا ہے، لیکن پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، پاک فضائیہ نے بے مثال بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات میں فضائی حدود کی نگرانی کی جس کی بڑی مثال فروری 2019 ہم سب کے سامنے ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ غزہ جنگ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ جنگیں کیا کیا مصائب سامنے لاسکتی ہیں، غزہ میں بوڑھوں، خواتین اور بچوں کا اندھا دھند قتل اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں تشدد بڑھ رہا ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے اپنا ناجائز قبضہ کررکھا ہے، کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پوری دنیا کی خاموشی وہاں گونجنے والی آزادی کی آواز کو دبا نہیں سکتی، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ ہمیشہ یاد رکھیں کہ حق طاقت ہے جبکہ باطل کبھی طاقتور نہیں ہوسکتا۔

راشد منہاس، سرفراز رفیقی اور ایم ایم عالم جیسے بنیں جنہوں نے وطن عزیز کے وقار کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات اور زندگیاں پیش کیں، آپ کو جو ذمہ داری سونپی جا رہی ہے اس کے لئے پرعزم رہیں اور ریاست پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں۔پاکستان ایئر فورس اکیڈمی رسالپورمیں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر تھے ۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے ،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر ،چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سندھو نے پریڈ کا معائنہ کیا،

آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس کواعزازات سے نوازا، ایئر ڈیفنس کورس میں بہترین کارکردگی پر سارجنٹ حبیب الرحمان کو چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔پی اے ایف ٹرافی کیڈٹ خوشحال خان خٹک کو دی گئی جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ محمد ارسلان کو چیف آف ائیر سٹاف ٹرافی سے نوازا گیا۔نیول کیڈٹ سارجنٹ امان اللہ کو چیف آف دی ایئر سٹاف ٹرافی دی گئی جبکہ سکوارڈن آفیسرجنید ملک کو اعزازی شمشیر سے نوازاگیا، پاس آئوٹ ہونیوالے کیڈٹس سے حلف بھی لیاگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں